رافیل نڈال اور نک کرگیوس ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے

جمعرات 7 جولائی 2022 09:20

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جولائی2022ء) ہسپانوی شہرہ آفاق ٹینس سٹار ،ریکارڈ 22 گرینڈ سلام کے چیمپئن اور میگا ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ رافیل نڈال اور آسٹر یلوی ٹینس سٹار نک کرگیوس اپنی فتوحات کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے ۔ 36 سالہ رافیل نڈال نے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں حریف امریکی ٹینس کھلاڑی ٹیلر فریٹز کو شکست دے کر اور نک کرگیوس نے کوارٹر فائنل میچ میں چلی کے کرسچین گارن کو ہرا کر میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کیا۔

سال کے تیسرے گرینڈ سلام ومبلڈن اوپن ٹینس کے دلچسپ مقابلے انگلینڈ کے دارالحکومت لندن میں جاری ہیں۔ ہسپانوی کلے کورٹ کے بادشاہ رافیل نڈال نے مینز سنگلز مقابلوں کے کوارٹر فائنل میچ میں انجری مسائل کے باوجود امریکہ کے حریف کھلاڑی ٹیلر فریٹز کو کانٹے دار مقابلے کے بعد شکست دے کر ٹاپ فور کے لئے کوالیفائی کرلیا۔

(جاری ہے)

رافیل نڈال نے دوسرے سیٹ کے اختتام پر میڈیکل ٹائم آئوٹ لے لیا تھا۔

انہوں نے پانچویں سیٹ میں ٹائی بریک کے ذریعے فتح حاصل کی۔ اپنے ریکارڈ 23ویں گرینڈ سلام کے لئے کوشاں رافیل نڈال کی کوارٹر فائنل میں فتح کا سکور 6-3، 5-7، 6-3، 5-7 اور 6-7(4-10)رہا۔دونوں کھلاڑیوں کے درمیان کوارٹر فائنل میچ چار گھنٹے 20 منٹ تک جاری رہا۔سیمی فائنل میچ میں رافیل نڈال کا مقابلہ آسٹریلوی نک کرگیوس سے ہوگا۔ 27 سالہ آسٹریلوی نک کرگیوس نے کوارٹر فائنل میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف چلی کے کرسچین گارن کو سٹریٹ سیٹس 4-6، 3-6 اور 6-7(5-7)سے شکست دے کر پہلی مرتبہ گرینڈسلام ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔

وہ 2005 کے بعد ومبلڈن سیمی فائنل میں پہنچنے والے پہلے آسٹریلوی ٹینس کھلاڑی ہیں۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں کی عالمی درجہ بندی میں 40 ویں نمبر کے کھلاڑی نک کرگیوس 2008کے بعد گرینڈ سلام سیمی فائنل میں پہنچنے والے لوئسٹ رینکڈ کھلاڑی ہیں۔ اس سے قبل ورلڈ نمبر 75 مراٹ صافن اور ورلڈ نمبر 94 رائنر شوئٹلر نے یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔رافیل نڈال کو اپنا ریکارڈ مزید بہتر بنانے کے لئے اور 23گرینڈ سلام اپنے نام کرنے کے لئے اب صرف دو فتوحات کی ضرورت ہے۔\932
وقت اشاعت : 07/07/2022 - 09:20:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :