سپورٹس بورڈ صرف ممکنہ طور پر تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو سپانسر کرے گا

پی ایس بی نے ابتدائی طور پر 103 پاکستانی کھلاڑیوں میں سے کم از کم 75 فیصد کو سپانسر کرنے کا فیصلہ کیا تاہم اب نامعلوم وجوہات کی بناء پر اس تعداد کو مزید کم کرنیکا فیصلہ کیا ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 9 جولائی 2022 16:11

سپورٹس بورڈ صرف ممکنہ طور پر تمغہ جیتنے والے کھلاڑیوں کو سپانسر کرے گا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 جولائی 2022ء ) رپورٹس کے مطابق پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) نے صرف ان کھلاڑیوں کو سپانسر کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو آئندہ کامن ویلتھ گیمز میں تمغہ جیتنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس معاملے سے باخبر ذرائع نے انکشاف کیا کہ پی ایس بی نے ابتدائی طور پر 103 پاکستانی کھلاڑیوں میں سے کم از کم 75 فیصد کو سپانسر کرنے کا فیصلہ کیا جو میگا ایونٹ میں ملک کی نمائندگی کریں گے لیکن انہوں نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر اس تعداد کو مزید کم کرنے کا فیصلہ کیا۔

سپانسر شدہ کھلاڑیوں کی حتمی فہرست کو عوام کے سامنے ظاہر کرنے سے پہلے سپورٹس بورڈ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے ساتھ شیئر کرے گا۔ حکومتی پالیسی کے مطابق سپورٹس بورڈ تمغے کی صلاحیت اور بہترین کارکردگی کے حامل کھلاڑیوں کو سپانسر کرے گا۔

(جاری ہے)

تاہم پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن آئندہ کامن ویلتھ اور اسلامک سولیڈیرٹی گیمز کے لیے مزید کھلاڑیوں کو سپانسر کرنا پسند کر سکتا ہے۔

سپورٹس بورڈ نے دولت مشترکہ کھیلوں میں تمغہ جیتنے پر نان سپانسرڈ ایتھلیٹس کے لیے نقد انعامات اور مراعات کا بھی اعلان کیا ہے۔ بورڈ نے اعلان کیا کہ کھلاڑیوں کو نہ صرف ان کے اخراجات کی ادائیگی کی جائے گی بلکہ انہیں مزید مراعات بھی فراہم کی جائیں گی۔ کامن ویلتھ گیمز 2022ء کا آغاز 28 جولائی کو برمنگھم، انگلینڈ میں ہوگا۔ متعدد پاکستانی کھلاڑی انفرادی کھیلوں میں حصہ لیں گے جبکہ پاکستان فیلڈ ہاکی اور ویمن کرکٹ میں بھی حصہ لیں گے۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب میگا ایونٹ میں ویمنز کرکٹ مقابلے ہوں گے۔
وقت اشاعت : 09/07/2022 - 16:11:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :