21 سال کی عمر میں حج کرنے کا تجربہ واقعی بہترین ہوگا: این مورگن کا معین علی سے مکالمہ

حج صبر سکھاتا ہے اور زندگی کو بدل کر رکھ دیتا ہے، یہ سال میں ایک مرتبہ ہوتا ہے، زندگی کا کوئی معلوم نہیں، اگر موقع ملتا ہے تو ضرور حج کریں: معین علی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 20 جولائی 2022 11:51

21 سال کی عمر میں حج کرنے کا تجربہ واقعی بہترین ہوگا: این مورگن کا معین علی سے مکالمہ
لندن (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 جولائی 2022ء ) انگلینڈ کے سابق کپتان این مورگن نے آل رائونڈر معین علی اور لیگ سپنر عادل رشید سے ان کے مذہب اور حج کے حوالے سے انٹرویو کیا ہے۔ این مورگن نے معین علی سے سوال کیا کہ آپ حال ہی میں حج کرکے آئے ہیں، مذہب آپ کے لیے کیا حیثیت رکھتاہے؟ جواب میں انگلش کرکٹر نے کہا کہ میرے لیے مذہب بہت معنی رکھتا ہے، یہ میرے لیے سب کچھ اور اولین چیز ہے، میرے لیے اور میری فیملی کے لیے مذہب سب سے زیادہ اہم ہے۔

معین علی نے کہا کہ ہم اپنی زندگی میں مذہب کو روزمرّہ کی بنیاد پر اہمیت دیتے ہیں، جیسے کرکٹ میں کرکٹرز رول ماڈل ہوتے ہیں، ویسے ہی مذہب میں پیغمبر رول ماڈل ہوتے ہیں۔ کرکٹر نے بتایا کہ جتنا ہوسکے روزہ اور نماز ادا کرنے کی کوشش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

دورانِ انٹرویو معین علی نے حج کی تاریخ اور اہمیت کے حوالے سے بھی بتایا۔ معین علی نے کہا کہ جب میں حج کرنے گیا تھا تو تقریباً 40 لاکھ مسلمان حج ادا کرنے آئے تھے، حج صبر سکھاتا ہے اور زندگی کو بدل کر رکھ دیتا ہے، یہ سال میں ایک مرتبہ ہوتا ہے، زندگی کا کوئی معلوم نہیں، اگر موقع ملتا ہے تو ضرور حج کریں۔

انہوں نے کہا کہ حج آپ کی زندگی کے ساتھ ساتھ آپ کا کردار بھی تبدیل کر دیتا ہے، حج کرتے وقت سب ایک جیسا لباس پہنتے ہیں اور امیر غریب میں فرق ختم ہوجاتا ہے۔
سابق کپتان این مورگن نے معین علی سے مکالمہ کیا کہ 21 سال کی عمر میں حج ادا کرنے کا تجربہ واقعی بہترین ہوگا۔ کرکٹر نے مزید کہا کہ انگلینڈ ٹیم میں جس بھی مذہب سے تعلق رکھتےہوں لیکن سب کھلاڑی گھل مل جاتے ہیں۔

دوسری جانب لیگ سپنر عادل رشید نے اس حوالے سے کہا کہ اگر جانی اور مالی طور پر استطاعت رکھتے ہیں تو مسلمان کو حج کرنا چاہیے، میں اس سال حج ادا کرکے آیا ہوں۔ عادل رشید کا کہنا تھا کہ انگلینڈ کرکٹ بورڈ اور یارک شائر نے حج ادا کرنے کے لیے وقت دیا جس سے میرے لیے آسانی ہوئی، حج صبر سکھاتا ہے اور زندگی کا بہترین تجربہ ہوتا ہے، حج انسان کو شکر ادا کرنے کی توفیق دیتا ہے۔
وقت اشاعت : 20/07/2022 - 11:51:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :