لاہور قلندرز اور بنگال کی ٹیمیں نمیبیا میں ٹی ٹونٹی سیریز میں حصہ لیں گی

آخری بار دونوں ممالک کے کھلاڑی 2013ء میں ایکساتھ کھیلے تھے جب فیصل آباد فاکس حیدرآباد سن رائزرز کیخلاف میدان میں اتری تھی، اس گیم میں مصباح الحق، سعید اجمل، شیکھر دھون اور پارتھیو پٹیل جیسے کھلاڑی شامل تھے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 23 جولائی 2022 14:34

لاہور قلندرز اور بنگال کی ٹیمیں نمیبیا میں ٹی ٹونٹی سیریز میں حصہ لیں گی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 23 جولائی 2022ء ) لاہور قلندرز نے نمیبیا کی میزبانی میں مجوزہ گلوبل ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ کھیلنے کی دعوت قبول کر لی ہے۔ اس دعوت کو قبول کرنے کا مطلب یہ ہے کہ قلندرز کی نمائندہ ٹیم انڈیا سے بنگال کے خلاف میدان میں اترے گی۔ کرکٹ نمیبیا چار ٹیموں کے ٹورنامنٹ کی میزبانی کرے گا جہاں بنگال نے پہلے ہی اپنی شرکت کی تصدیق کر دی ہے اور لاہور قلندرز پہلے ہی اصولی طور پر رضامند ہو چکے ہیں۔

جنوبی افریقی ٹیم کا نام بھی جلد سامنے آنے کا امکان ہے۔ بنگالی کرکٹر دیبابراتا داس نے ’کرک انفو‘ کو بتایا کہ ٹورنامنٹ کے براڈکاسٹر ہمارے صدر اویشیک ڈالمیا کے پاس آئے اور ہمیں مدعو کیا ،ہم نے سید مشتاق علی ٹرافی (انڈیا کا ڈومیسٹک ٹی ٹونٹی ٹورنمنٹ) سے پہلے چھ سے سات میچ کھیلنے کا موقع ہاتھ سے نہ جانے دیا تاکہ ہم ایک ورلڈ کپ کھیلنے والی ٹیم کے مدمقابل آنے کے لیے تیار ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواہش یہ ہے کہ بنگال میں مقامی کرکٹ میں بہت سے نوجوان کھلاڑی کھیل رہے ہیں اور ٹی ٹونٹی کے حوالے سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس لیے ہم زیادہ تر ان نوجوانوں کو بھیج رہے ہیں تاکہ ہم سید مشتاق علی ٹرافی کے لیے اپنی ٹیم بنا سکیں۔ یہ پاکستان اور بھارت کے لیے تعلقات کو مزید بہتر کرنے کا ایک موقع ہوگا کیونکہ دونوں میں سے کسی بھی ڈومیسٹک ٹیم کی جانب سے زیادہ ایک دوسرے کیخلاف ایونٹس میں شرکت نہیں کی گئی ہے۔ آخری بار دونوں ممالک کے کھلاڑی 2013ء میں ایک ساتھ کھیلے تھے جب فیصل آباد فاکس حیدرآباد سن رائزرز کے خلاف میدان میں اتری تھی۔ اس گیم میں مصباح الحق، سعید اجمل، شیکھر دھون اور پارتھیو پٹیل جیسے کھلاڑی شامل تھے۔
وقت اشاعت : 23/07/2022 - 14:34:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :