فواد عالم کو 1 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے میں 13 برس لگ گئے

19 میچز میں سنگ میل عبور کیا، طویل عرصے میں اتنے رنز بنانیوالے 14ویں کرکٹر، انگلینڈ کے جارج گن نے 22 برس، 3 ماہ اور 21 دنوں میں ایک ہزار رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 26 جولائی 2022 12:05

فواد عالم کو 1 ہزار ٹیسٹ رنز مکمل کرنے میں 13 برس لگ گئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 جولائی 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز فواد عالم کو ٹیسٹ کرکٹ میں 1 ہزار ٹیسٹ رنز بنانے میں 13 برس لگ گئے، ٹیم میں مسلسل ’ان آؤٹ‘ ہونے والے بیٹر نے 19 میچز میں یہ سنگ میل عبور کیا۔ سری لنکا سے گال میں جاری دوسرے ٹیسٹ میں فواد عالم نے اپنی 24 رنز کی مختصر اننگز کے دوران طویل فارمیٹ میں 1000 رنز مکمل کرنے کا بھی اعزاز حاصل کرلیا، انھیں یہ سنگ میل عبور کرنے میں 13 برس لگ گئے، اس کی وجہ مسلسل ٹیم سے ان آؤٹ کیا جانا ہے۔

فواد کو ٹیم سے باہر رکھنے کے مختلف سلیکٹرز اور کپتانوں نے کئی جواز پیش کیے تاہم ہر بار کم بیک پر فواد نے ناقدین کو کارکردگی کے ساتھ خاموش کیا، انھوں نے 13 برس کے اس طویل عرصے میں اب تک محض 19 ٹیسٹ میچز ہی کھیلے ہیں۔

(جاری ہے)

سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بھی انھیں باہر بٹھایا گیا تھا تاہم دوسرے میچ کیلیے اظہر علی کو 8 برس بعد الیون سے ڈراپ کرنے کے بعد فواد کو دوبارہ ٹیم میں شامل کیا گیا، انھوں نے 19 ٹیسٹ میچز کی 29 ویں اننگز میں ایک ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔

فواد عالم دنیا کے کوئی واحد ایسے پلیئر نہیں ہیں جنھیں ٹیسٹ کرکٹ میں ایک ہزار رنز بنانے میں اتنا طویل عرصہ لگا، اس معاملے میں سب سے آگے انگلینڈ کے جارج گن نے 22 برس، 3 ماہ اور 21 دنوں میں ایک ہزار رنز بنائے، اس دوران انھوں نے صرف 15 ٹیسٹ کھیلے، لمبے عرصے میں ایک ہزار ٹیسٹ رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے پلیئرز کی فہرست میں فواد عالم کا 14 واں نمبر ہے، وہ اب تک اپنے کیریئر کے دوران 5 ٹیسٹ سنچریاں سکور کرچکے ہیں جن میں سے 4 سنچریاں 2020ء میں کم بیک کے بعد سکور کی ہیں۔
وقت اشاعت : 26/07/2022 - 12:05:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :