کامن ویلتھ گیمز: پاکستانی جمناسٹ کو غلطی سے باسکٹ بال وینیو پر پہنچا دیا گیا

محمد افضل کو غلط بس میں بیٹھایا جسکی وجہ سے وہ باسکٹ مقابلے کے وینیو پر پہنچ گئے، غلطی کا احساس ہونے پر انہیں بذریعہ کار جمناسٹک کے وینیو پہنچایا گیا جہاں پہنچنے کے صرف 4 منٹ بعد انکا مقابلہ شروع ہوا، پاکستانی حکام کا انتظامیہ سے احتجاج ، منتظمین نے پاکستانی حکام کی بات رد کر دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 30 جولائی 2022 11:44

کامن ویلتھ گیمز: پاکستانی جمناسٹ کو غلطی سے باسکٹ بال وینیو پر پہنچا دیا گیا
برمنگھم (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30 جولائی 2022ء ) برمنگھم میں جاری کامن ویلتھ گیمز کے منتظمین نے پاکستانی جمناسٹ محمد افضل کو غلطی سے دوسرے وینیو میں پہنچا دیا۔ رپورٹس کے مطابق کامن ویلتھ گیمز کی انتظامیہ نے پاکستانی جمناسٹ محمد افضل کو غلط بس میں بیٹھا دیا جس کی وجہ سے وہ جمناسٹک کے بجائے باسکٹ مقابلے کے وینیو پر پہنچ گئے۔ باسکٹ بال وینیو پہنچنے پر منتظمین کو معلوم ہوا کہ بس انہیں غلط وینیو پر لے آئی جس کے بعد فوری طور پر انہیں کار کے ذریعے جمناسٹک کے وینیو پر پہنچایا گیا جہاں پہنچنے کے صرف 4 منٹ بعد ان کا مقابلہ شروع ہو گیا۔

پاکستانی حکام کی جانب سے کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ سے احتجاج بھی کیا گیا مگر منتظمین نے پاکستانی حکام کی بات رد کر دی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ برطانوی شہر برمنگھم میں کامن ویلتھ گیمز کا آغاز ہوچکا ہے جس میں پاکستانی کھلاڑیوں نے مایوس کن آغاز کیا اور پہلے روز ہی تین مقابلوں سے باہر ہوگئے۔ سوئمنگ ایونٹ میں حسیب طارق اپنے راؤنڈ میں ٹاپ پر رہے تاہم وہ کوالیفائی نہ کرسکے اور دوسو میٹر فری سٹائل جہاں آرا کا 23 سوئمرز میں 22واں نمبر رہا جب کہ 100 میٹر بٹر فلائی میں بسمہ خان 38 میں سے 31ویں نمبر پر رہیں۔ مشال کا ایونٹ کا 33 ایتھلیٹس میں 31واں نمبر رہا، باکسنگ میں پاکستان کے سلیمان بلوچ کو راؤنڈ آف سکسٹین میں شکست ہوئی جنہیں بھارتی باکسر نے یکطرفہ مقابلے میں زیر کیا۔
وقت اشاعت : 30/07/2022 - 11:44:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :