یونس خان کا بابر اعظم سے اظہر علی اور فواد عالم کی حمایت کا مطالبہ

عبداللہ شفیق نے اپنے ریڈ بال کیریئر کا آغاز عمدہ طریقے سے کیا ہے، امید ہے وہ اپنے کھیل پر توجہ دیں گے، اچھی فارم کا فائدہ اٹھائیں گے: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 1 اگست 2022 14:12

یونس خان کا بابر اعظم سے اظہر علی اور فواد عالم کی حمایت کا مطالبہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم اگست 2022ء ) پاکستان کے سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ کو تجربہ کار مڈل آرڈر بلے بازوں، اظہر علی اور فواد عالم کی حمایت کرنی چاہیے، انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی دعویٰ کیا کہ فواد پہلے ہی ٹیسٹ کرکٹ میں ناقابل یقین واپسی کر چکے ہیں۔ سماء ٹی وی سے بات کرتے ہوئے یونس نے کہا کہ ہمیں فواد عالم اور اظہر علی جیسے کھلاڑیوں کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے۔

فواد نے شاندار واپسی کی لیکن اب وہ آؤٹ آف فارم ہیں۔ ٹیم مینجمنٹ کو اس وقت اس کی حمایت کرنے کی ضرورت ہے۔ دونوں تجربہ کار بلے بازوں کو سری لنکا کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اظہر علی نے پہلے میچ میں 9 رنز بنائے جبکہ سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں فواد نے 25 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

ٹیسٹ کرکٹ میں 2000ء سے 2017ء کے درمیان پاکستان کے سب سے زیادہ 10099 رنز بنانے والے 44 سالہ یونس خان نے کہا کہ ہر میچ میں بڑا سکور کرنا مشکل ہوتا ہے۔

سابق کپتان نے اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق کے بارے میں بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے ریڈ بال کرکٹ کیریئر کا آغاز عمدہ فارم میں کیا ہے اور امید ظاہر کی کہ وہ اپنے کھیل پر توجہ دیں گے اور اپنی اچھی فارم کا فائدہ اٹھائیں گے۔ عبداللہ شفیق نے اس سال بین الاقوامی سطح پر ڈیبیو کیا اور ماضی قریب میں پاکستان کی کامیابیوں میں اہم کردار ادا کیا۔ پہلے ٹیسٹ میں ان کے شاندار 160* نے گال میں ریکارڈ 342 رنز کا تعاقب کرنے میں پاکستان کی مدد کی۔ لیجنڈری بلے باز نے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی پہل کرنے اور خود کو متحرک کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ اپنے ملک کی خدمت کرنے اور اپنا نام روشن کرنے کا سنہری موقع ہے۔
وقت اشاعت : 01/08/2022 - 14:12:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :