اولمپکس کمیٹی کا لاس اینجلس گیمز 2028ء میں کرکٹ کو شامل کرنے پر غور جاری

حتمی فیصلہ 2023ء میں آئی سی سی اور آئی او سی کے درمیان ہونے والی میٹنگ کے بعد کیا جائے گا، 128 سال بعد کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی ممکن ہوسکے گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 4 اگست 2022 16:35

اولمپکس کمیٹی کا لاس اینجلس گیمز 2028ء میں کرکٹ کو شامل کرنے پر غور جاری
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 اگست 2022ء ) انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی نے کرکٹ کو 2028ء میں لاس اینجلس میں ہونے والے اولمپکس میں ممکنہ اضافے کے طور پر شارٹ لسٹ کیا ہے۔ ذرائع نے رائٹرز کو بتایا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اس ماہ کے آخر میں لاس اینجلس اولمپکس کے منتظمین کو 128 سال کے وقفے کے بعد کرکٹ کی اولمپکس میں واپسی کے لیے اپنی بولی میں ایک پریزنٹیشن پیش کرے گی۔

دنیا کے سب سے بڑے کھیلوں کے مقابلے میں کرکٹ کی شمولیت کا حتمی فیصلہ 2023ء میں آئی سی سی اور آئی او سی کے درمیان ہونے والی میٹنگ کے بعد کیا جائے گا۔ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے اولمپکس میں نئے کھیلوں کو شامل کرنے کے لیے گرین سگنل دے دیا ہے کیونکہ اس نے اس مقصد کے لیے 9 کھیلوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے جن میں کرکٹ بھی ایک ہے۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کے ساتھ میٹنگ کے بعد آئی او سی حتمی فیصلہ دے گا۔

آئی سی سی اور آئی او سی کے نمائندوں کی 2023ء میں ممبئی میں ملاقات متوقع ہے جس میں آئی سی سی کا دعویٰ ہے کہ ان کا کیس مضبوط ہے۔ 24 سال بعد کامن ویلتھ گیمز میں شامل ہونے کے بعد کرکٹ کے پاس دنیا کے سب سے بڑے سپورٹس ایونٹ میں جگہ بنانے کا سنہری موقع ہے۔ آئی سی سی نے اس کھیل کو اولمپکس کے معیار کے مطابق قرار دیا ہے جس میں دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر مداحوں کی پیروی کے ساتھ ساتھ مردوں اور خواتین دونوں کی یکساں نمائندگی ہے۔

لاس اینجلس گیمز 2028ء میں کرکٹ کے علاوہ بین الاقوامی اولمپکس کمیٹی کے پاس زیر غور دیگر کھیلوں میں بیس بال، سافٹ بال، فلیگ فٹ بال، لیکروس، بریک ڈانسنگ، کراٹے، کک باکسنگ، سکواش اور موٹرسپورٹ شامل ہیں۔ یاد رہے کہ پیرس میں 1900ء کے اولمپکس میں پہلی بار شرکت کے بعد سے اولمپکس میں کرکٹ نہیں کھیلی گئی، جہاں برطانیہ نے فرانس کی نمائندگی کرنے والے زیادہ تر انگریزوں کی ٹیم کو 158 رنز سے شکست دے کر طلائی تمغہ جیتا۔
وقت اشاعت : 04/08/2022 - 16:35:47

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :