محمد حفیظ ایشیاء کپ ، دورہ نیدرلینڈز سے ڈراپ کیے گئے حسن علی کی حمایت میں سامنے آگئے

کیریئر کے بعض مراحل ایسے آتے ہیں جب کھلاڑی پرفارم نہیں کرپا رہا ہوتا ، اسے کچھ وقت آرام دینا ضروری ہوتا ہے، سلیکشن کمیٹی نے حسن کو غیر ضروری میچز کھلائے : سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 6 اگست 2022 16:23

محمد حفیظ ایشیاء کپ ، دورہ نیدرلینڈز سے ڈراپ کیے گئے حسن علی کی حمایت میں سامنے آگئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 اگست 2022ء ) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ ایشیاکپ اور نیدرلینڈز کے خلاف سیریز میں ڈراپ کیے گئے حسن علی کی حمایت میں سامنے آگئے۔ نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں سابق کپتان محمد حفیظ نے سلیکشن کمیٹی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ حسن علی کو سالوں سے جانتا ہوں، کیریئر کے بعض مراحل ایسے آتے ہیں جب کھلاڑی پرفارم نہیں کرپا رہا ہوتا لیکن اسے کچھ وقت آرام دینے کی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکشن کمیٹی نے حسن علی کو غیر ضروری میچز کھلائے جس میں انہیں آرام دیا جاسکتا تھا لیکن ٹیم مینجمنٹ نے فاسٹ بولر کو ہر میچ کھلایا، جس کے لیے وہ ذہنی طور پر تیار نہیں تھے۔ محمد حفیظ نے کہا کہ میرے خیال میں ٹیم سے ڈراپ ہونے پر حسن علی کو مثبت پہلو میں سوچنا چاہیے اور اس وقت کو وہ اپنی فیملی کے ساتھ گزاریں۔

(جاری ہے)

3-4 ہفتے کا آرام انہیں کم بیک کرنے میں مدد دے گا۔

واضح رہے کہ حسن علی 2016ء سے اب تک 21 ٹیسٹ، 60 ون ڈے انٹرنیشنل اور 49 ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرچکے ہیں جس میں انہوں نے بالترتیب 77، 91 اور 60 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ قبل ازیں پی سی بی نے دورہ نیدلینڈ اور ایشیاء کپ کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کیا تھا، جس میں تجربہ کار بلے باز شعیب ملک اور حسن علی کو شامل نہیں کیا گیا تھا۔                                                                                                               
وقت اشاعت : 06/08/2022 - 16:23:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :