ارشد ندیم کو ذاتی خرچ پر ٹریننگ کیلئے جرمنی بھجوانے کیلئے تیار ہوں: ناصر حسین شاہ

پاکستان کیلئے اس سے زیادہ فخر کی کوئی بات نہیں ہوسکتی کہ یہ گولڈ میڈلز جیتتے رہیں : وزیر بلدیات سندھ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 8 اگست 2022 10:47

ارشد ندیم کو ذاتی خرچ پر ٹریننگ کیلئے جرمنی بھجوانے کیلئے تیار ہوں: ناصر حسین شاہ
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین ۔ 8 اگست 2022ء ) صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ آئندہ اولمپکس سے قبل کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم کو ذاتی خرچ پر ٹریننگ کے لئے جرمنی بھجوانے کے لئے تیار ہیں۔ صوبائی وزیر نے ٹویٹر بیان میں کہا ہے کہ ’’ آئندہ اولمپکس سے قبل دو سال کے لیے کامن ویلتھ گیمز میں گولڈ میڈل جیتنے والے پاکستان کے فخر ارشد ندیم کو ذاتی خرچ پر ٹریننگ کے لیے جرمنی بھجوانے کو تیار ہوں ۔

صوبائی وزیر نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے اس سے زیادہ فخر کی کوئی بات نہیں ہوسکتی کہ یہ گولڈ میڈلز جیتتے رہیں‘‘ ۔
یاد رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے جویلین تھرو (نیزہ بازی) میں گولڈ میڈل جیت لیا۔

(جاری ہے)

پاکستانی ایتھلیٹ نے اپنی پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔ جویلین تھرو کے فائنل میں پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم بھرپور ایکشن میں دکھائی دیے۔

انہوں نے پہلی باری میں ہی 86.81 میٹر کی ریکارڈ تھرو کی۔ یہ ارشد ندیم کے کیریئر کی بہترین تھرو تھی، اس سے قبل ارشد ندیم کی بہترین تھرو 86.38 میٹر تھی۔ فائنل میچ میں ارشد ندیم کی دوسری باری ضائع ہوگئی جبکہ اس دوران بھی پاکستانی ایتھلیٹ 86.81 کی تھرو کے ساتھ سرفہرست رہے۔ ارشد ندیم نے تیسری باری میں اپنا قومی ریکارڈ اور بہتر کرتے ہوئے 88 میٹر کی تھرو کردی۔

یہ جویلین تھرو میں کسی بھی پاکستانی کی سب سے بڑی تھرو تھی۔ چوتھی باری میں ارشد ندیم نے 85.09 میٹر کی تھرو کی لیکن پاکستانی ایتھلیٹ پھر بھی 88 میٹر کی تھرو کے ساتھ سب سے آگے رہے۔ پاکستانی ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پانچویں باری میں 90.18 میٹر کی تھرو کی جس کے ساتھ وہ 90 میٹر سے لمبی تھرو کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔ ارشد ندیم کی 90.18 میٹر تھرو کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ ہے۔

اس کے ساتھ ہی کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا۔ پاکستان نے 1966ء کے بعد کامن ویلتھ گیمز ایتھلیٹکس میں گولڈ میڈل جیتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق ارشد ندیم کی 90.18 میٹر کی تھرو اس سال کی تیسری بہترین تھرو ہے۔ اس سے قبل دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں اینڈرسن پیٹرز 93.07 میٹر، جیکب ویڈلیک 90.88 میٹر کی تھرو کرچکے ہیں۔ ارشد ندیم سب سے بڑی تھرو کرنے والے دوسرے ایشین بن گئے ہیں۔ تائیوان کے چاوسن چینگ نے 1993ء میں 91.36 میٹر کی تھرو کی تھی۔
وقت اشاعت : 08/08/2022 - 10:47:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :