ایشیا کپ کے اسکواڈز کی نقاب کشائی کیلئے مزید مہلت مل گئی

ایشین کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیشی درخواست پر ڈیڈ لائن بڑھاکر 11 اگست کردی

پیر 8 اگست 2022 14:56

ایشیا کپ کے اسکواڈز کی نقاب کشائی کیلئے مزید مہلت مل گئی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2022ء) ایشیا کپ کے اسکواڈز کی نقاب کشائی کیلیے مزید مہلت مل گئی ،ایشین کرکٹ کونسل نے بنگلہ دیشی درخواست پر ڈیڈ لائن بڑھاکر 11 اگست کردی۔اے سی سی نے ایشیا کپ میں شریک ملکوں کو ٹیمیں منتخب کرنے کیلیے 8 اگست کا وقت دیا گیا تھا،اب تک پاکستان نے ہی اسکواڈ کا اعلان کیا ہے،بنگلہ دیش کے اسٹار کرکٹرز لٹن داس اور نورالحسن زمبابوے کے دورے میں انجرڈ ہوئے ، بورڈ کو ان کی فٹنس رپورٹ کا انتظار ہے، اسی لیے ایشین کرکٹ حکام سے مزید وقت مانگا تھا،دوسری جانب بھارتی اسکواڈ کا بھی جلد اعلان ہوگا۔

میڈیارپورٹ کے مطابق سینئر بیٹر ویراٹ کوہلی کی واپسی کا امکان روشن ہے، وہ کافی عرصے سے آئوٹ آف فارم ہیں اس لیے انھیں آرام کا موقع فراہم کیا گیا تھا، بعض سابق کرکٹرز نے ایشیا کپ میں کوہلی سے اننگز کا آغاز کرانے کا مشورہ بھی دیا ہے،البتہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ ٹیم مینجمنٹ مشاورت کے بعد کریگی۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ ایشیا کپ 27 اگست سے نیوٹرل وینیو یو اے ای میں منعقد ہوگا، علاقائی ایونٹ میں خطے کے 5 ٹیسٹ ممالک بنگلہ دیش، بھارت، پاکستان، سری لنکا اور افغانستان شریک ہیں، چند ایسوسی ایٹ ممالک کوالیفائرز سے مین ڈرا میں جگہ بناپائیں گے۔

ایونٹ کا افتتاحی میچ 27 اگست کو گروپ ’’ بی ’’ میں سری لنکا اور افغانستان کے درمیان ہوگا، پاک، بھارت مقابلہ 28 اگست کو شیڈول ہے، ابتدائی دونوں میچز دبئی میں ہوں گے، بنگلہ دیش کا ایونٹ میں سفر 30 اگست کو شارجہ میں افغانستان کیخلاف میچ سے شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 08/08/2022 - 14:56:18

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :