کامن ویلتھ گیمز میں کھلاڑیوں نیمیڈلز جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا،ظفر علی

کھلاڑیوں کو کیمپس میں سہولیات فراہم کرنے پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ریٹائرڈ آصف زمان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں، گفتگو

جمعرات 11 اگست 2022 16:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2022ء) پی او ایف واہ کے فٹ بال کوچ سابق انٹرنیشنل فٹ بالر ظفر علی اور لالہ اکبر فٹ بال اکیڈمی واہ کینٹ کے سربراہ و ہیڈ کوچ جعفر علی نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں کھلاڑیوں نے میڈلز جیت کر ملک و قوم کا نام روشن کیا ہے، کھلاڑیوں کو کیمپس میں سہولیات فراہم کرنے پر پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ریٹائرڈ آصف زمان کی کاوشیں قابل تعریف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کامن ویلتھ گیمز میں میڈلز حاصل کرنے کے لئے کھلاڑیوں اور کوچز کے ساتھ، ساتھ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ریٹائرڈ محمد آصف زمان کی کاوشوں کو بھی سراہا ہے اور کہاکہ کرنل ریٹائرڈ محمد آصف زمان جہنوں نے کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ کے دوران تمام سہولیات اور وسائل فراہم کئے ان کی یہ خدمات قابل تعریف ہیں اور ان کا دور ملکی تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز میں طلائی، چاندی اور کانسی کے تمغے جیتنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل کرنل ریٹائرڈ محمد آصف زمان بھی مبارک باد کے مستحق ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں برمنگھم میں کھیلی گئی کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان نے کامن ویلتھ گیمز میں آٹھ تمغے حاصل کئے۔ جیولین تھرو میں ارشد ندیم اور ویٹ لیفٹنگ میں نوح دستگیر بٹ نے سونے کا ایک ، ایک تمغہ حاصل کیا۔ ریسلنگ میں انعام بٹ، شریف طاہر اور زمان انور نے چاندی کا ایک، ایک جبکہ علی اسد اور عنایت اللہ نے کانسی کا ایک، ایک تمغہ جیتا اور اسی طرح جوڈو میں شاہ حسین شاہ نے بھی کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
وقت اشاعت : 11/08/2022 - 16:09:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :