انگلش کرکٹر جیمز ہیلڈریتھ کا ریٹائرمنٹ کا اعلان

جمعرات 11 اگست 2022 23:06

لندن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) انگلش کائونٹی سمرسیٹ کی طویل عرصہ تک نمائندگی کرنے والے کرکٹر جیمز ہلڈریتھ نے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ انہوں نے سمرسیٹ کے لئے 20 سال تک اپنی خدمات سرانجام دیں۔ طویل پروفیشنل کیریئر کے حامل بیٹر کو انگلینڈ کی قومی ٹیم میں نمائندگی نہ ملنے کے باوجود اپنے دور کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔

ہلڈریتھ نے سمرسیٹ کے لئے 40.98 کی بہترین اوسط سے17000 سے زائد فرسٹ کلاس رنز بنائے جن میں 47 فرسٹ کلاس سنچریاں بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

وہ سمرسیٹ کی طرف سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 3906 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر ہیں جبکہ لسٹ اے میچوں میں 6000 رنز بنائے ہیں۔ ہلڈریتھ نے 20 سال کی عمر میں ٹونٹی 20 کپ 2005ء میں وننگ رنز بنا کر اپنی ٹیم کو چیمپئن بنوایا، انہوں نے یہ کارنامہ 14 سال بعد لارڈز کے میدان میں رائل لندن کپ میں دہرایا۔

38 سالہ بیٹر رواں سال کائونٹی چیمپئن شپ میں 25.60 کی اوسط سے 256 رنز بنا پائے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مجھے محسوس ہوا کہ زندگی کے نئے دور کا آغاز کرنے کا یہ مناسب وقت ہے، میں نے 18 سال کی عمر میں سکول چھوڑا اور 20 سال اپنے کلب کے لئے مختص کردیئے۔ میں نے اپنے کیریئر کے ایک ایک منٹ کو انجوائے کیا۔
وقت اشاعت : 11/08/2022 - 23:06:28

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :