نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ کے تیسرے رائونڈ کے دوسرے دن کا کھیل مکمل

جمعرات 11 اگست 2022 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) کراچی میں جاری نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ کے تیسرے رائونڈ کے دوسرے دن کا کھیل مکمل ہوگیا۔حنیف محمد ایچ پی سی گرائونڈ میں 92رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر اپنی پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کرتے ہوئے خیبرپختونخوا انڈر 19بلیوز 83اوورز میں چھ وکٹ پر 308رنز بنانے میں کامیاب رہی۔ حسیب خان نے 174 گیندوں پر ناقابل شکست 105رنز بنائے جس میں آٹھ چوکے شامل تھے۔

جواب میں ناردرن انڈر 19بلیوز نے 24.1اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 90رنز بنالیے ہیں۔ٹی ایم سی گرائونڈ میں بلوچستان انڈر 19بلیوز سندھ انڈر 19بلیوز کے خلاف 173رنز پر آئوٹ ہوگی۔ سندھ انڈر 19بلیوز کے ضیا اللہ نے پانچ وکٹیں جبکہ افنان خان نے چار وکٹیں حاصل کیں۔اس سے قبل، بلوچستان انڈر 19بلیوز نے اپنی پہلی اننگز 97رنز 4کھلاڑی آئوٹ پر دوبارہ شروع کی۔

(جاری ہے)

دن کے اختتام پر سندھ انڈر 19بلیوز نے 23 اوورز میں ایک وکٹ پر 96رنز بنالیے ہیں۔ کے سی سی اے گرائونڈ میں سدرن پنجاب انڈر 19 بلیوز 78اوورز میں 196رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی ۔ شرجیل حسن نے سب سے زیادہ 171گیندوں پر چھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر 60رنز بنائے۔ محمد دانش نے 90 گیندوں پر 53رنز بنائے جس میں سات چوکے شامل تھے۔سنٹرل پنجاب انڈر 19بلیوز کی جانب سے دائیں ہاتھ کے آف اسپنر ارحم نواب نے 72 کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔

دن کے اختتام پر سنٹرل پنجاب انڈر 19بلیوز نے 16 اوورز میں دو وکٹ پر 38 رنز بنالیے ہیں۔پول بی کے میچ میں یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میںسندھ انڈر 19وائٹس نے 61.1 اوورز میں آٹھ وکٹوں پر 267رنز پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے غلام اشرف سنچری بنانے سے محروم رہے اور 99رنز بنا کر جہانگیر خان کی گیند پر بولڈ ہوئے۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز کی اننگز میں 11چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

بلوچستان انڈر 19وائٹس کی جانب سے محسن علی نے 102رنز کے عوض 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں بلوچستان انڈر 19وائٹس 42.3 اوورز میں 109رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔ آف اسپنر حسیب الرحمان نے 18اوورز میں 43رنز دے کر سات وکٹیں حاصل کیں۔ فالو آن کے لیے کہے جانے کے بعد دن کے اختتام پر بلوچستان انڈر 19وائٹس نے چھ اوورز میں ایک وکٹ پر 27رنز بنائے تھے۔ دوسری اننگز میں واحد وکٹ بھی حسیب الرحمان کے حصے میں آئی جنہوں نے میچ میں اب تک آٹھ وکٹیں حاصل کیں۔

راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی گرائونڈ میں سنٹرل پنجاب انڈر 19وائٹس نے اپنی پہلی اننگز سدرن پنجاب انڈر 19وائٹس کے خلاف 83اوورز میں چھ وکٹ پر 281رنز بنائے۔ عثمان ندیم نے 233گیندوں پر سب سے زیادہ 114رنز بنائے۔ دائیں ہاتھ کے بلے باز کی اننگز میں 11 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ محمد ابتسام الرحمان اور علی دلشاد نے نصف سنچریاں اسکور کیں۔سدرن پنجاب انڈر 19وائٹس کی جانب سے محمد اسماعیل نے 54رنز کے عوض دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں، سدرن پنجاب انڈر 19وائٹس نے دن کے اختتام پر 15.1 اوورز میں ایک وکٹ پر 36رنز بنالیے ہیں ۔گروپ کے تیسرے میچ میں ناردرن انڈر 19وائٹس نے خیبر پختونخوا انڈر 19وائٹس کے خلاف 79اوورز میں 8وکٹوں پر 167 رنز بنالیے ہیں۔ خیبرپختونخوا انڈر 19وائٹس کے لیے ایاز خان نے 18اوورز میں 33رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں۔ محمد عرفان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 11/08/2022 - 21:40:17

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :