آئرلینڈ نے افغانستان کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 5 وکٹوں سے شکست دیدی، سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل

جمعرات 11 اگست 2022 23:40

بلفاسٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 اگست2022ء) آئرلینڈ نے افغانستان کو دوسرے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی، آئرش ٹیم نے 123 رنز کا ہدف 19 اوورز میں حاصل کرلیا، جوش لٹل کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جمعرات کو بلفاسٹ کے سول سروس کرکٹ کلب میں کھیلے گئے پانچ ٹی ٹونٹی پر مشتمل سیریز کے دوسرے میچ میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے۔

افغانستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن تھا جب ان کے دونوں اوپنرز تیسرے اوور میں ہی پولین لوٹ گئے۔ حشمت اللہ شاہدی نے 36 اور ابراہیم زادران نے17 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹر قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔

(جاری ہے)

آئرش بائولرز جوش لٹل، مارک اڈائیر، کرٹس کیمفر اور گارتھ ڈیلانے نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اس کے جواب میں آئرش ٹیم نے افغانستان کا 123 رنز ہدف 19 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کرلیا۔

افغانستان کو آئرلینڈ کو پریشر میں لانے کے لئے جلدی وکٹوں کی ضرورت تھی تاہم کپتان اینڈی بلبیرنائے نے 36 بالوں پر 46 رنز کی اننگز کھیل کر ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ لورکان ٹوکر نے 27 جبکہ جارج ڈوکریل نے 25 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی۔ افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے دو جبکہ مجیب الرحمان، نوین الحق اور فضل الحق فاروقی نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ سٹار بائولر راشد خان کے ٹی ٹونٹی کیریئر میں پہلا موقع ہے کہ وہ لگاتار دو میچوں میں کوئی وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکے ہیں۔ آئرش کھلاڑی جوش لٹل کو شاندار پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ اس طرح آئرلینڈ نے پانچ ٹی ٹونٹی میچوں کی سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔
وقت اشاعت : 11/08/2022 - 23:40:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :