افغانستان نے آئرلینڈ کو تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں 22 رنز سے شکست دے دی

جمعہ 12 اگست 2022 23:20

بلفاسٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) افغانستان نے آئرلینڈ کو تیسرے ون ڈے انٹرنیشنل میں 22 رنز سے شکست دے دی، افغانستان کے 190 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آئرش ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا سکی، رحمان اللہ گرباز میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، آئرلینڈ کو سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔جمعہ کو بلفاسٹ میں کھیلے گئے پانچ ون ڈے پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں میزبان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 189 رنز بنائے۔ اوپنرز حضرت اللہ زازئی اور رحمان اللہ گرباز نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 90 رنز بنا کر ٹیم کو شاندار آغاز فراہم کیا۔ رحمان اللہ گرباز 35 بالوں پر 53 اور زازئی 39 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

ابراہیم زادران 36 اور نجیب اللہ زادران نے 42 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔

آئرلینڈ کی طرف سے جوش لٹل نے دو جبکہ مارک اڈائیر اور فیون ہینڈ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ افغانستان کے 190 رنز کے بڑے ہدف کے تعاقب میں آئرش ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا پائی۔ بڑے ہدف کے تعاقب میں آئرش ٹیم کا آغاز اچھا نہ تھا جب دونوں اوپنرز تین کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ جارج ڈوکریل اور فیون ہینڈ نے آخر میں کچھ مزاحمت کی تاہم وہ اپنی ٹیم کو فتح دلانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

جارج ڈوکریل 37 بالوں پر 58 رنز کی ناٹ آئوٹ اننگز کھیلی جبکہ اپنا ڈیبیو میچ کھیلنے والے فیون ہینڈ 18 بالوں پر 36 اور لورکان ٹوکر 31 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹر جم کر نہ کھیل سکا۔ افغانستان کے نوین الحق نے 3 وکٹیں حاصل کیں، فضل الحق فاروقی اور مجیب الرحمان نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ راشد خان ایک مرتبہ پھر وکٹ سے محروم رہے۔ آئرلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل ہے۔
وقت اشاعت : 12/08/2022 - 23:20:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :