حسیب الرحمان نے میچ میں 16 وکٹیں لے کر سندھ انڈر 19 وائٹس کو 10 وکٹوں سے کامیابی دلادی

جمعہ 12 اگست 2022 23:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اگست2022ء) سندھ انڈر 19 وائٹس کے دائیں ہاتھ کے اسپنر حسیب الرحمان نے میچ میں 16 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو نیشنل انڈر 19 چیمپئن شپ کے تیسرے راؤنڈ کے میچ میں بلوچستان انڈر 19 وائٹس کے خلاف 10 وکٹوں سے کامیابی دلائی۔ کراچی کے یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں 27 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے بلوچستان انڈر 19 وائٹس کی ٹیم 61ویں اوور میں 166 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

اوپننگ بلے باز محمد اقدس نے 159 گیندوں پر 10 چوکے لگا کر سب سے زیادہ 71 رنز بنائے۔سندھ انڈر 19 وائٹس کے لیے، ٹورنامنٹ کا اپنا پہلا میچ کھیلتے ہوئے، دائیں ہاتھ کے اسپنر حسیب الرحمان نے 25.5 اوورز میں 79 رنز دے کر نو وکٹیں حاصل کیں۔ پہلی اننگز میں اسپنر نے سات وکٹیں حاصل کی تھیں۔

(جاری ہے)

سندھ انڈر 19 وائٹس نے نو رنز کا ہدف چوتھے اوور میں بغیر کوئی وکٹ کھوئے حاصل کر لیا۔

ٹی ایم سی گراؤنڈ میں، دائیں ہاتھ کے حبیب اللہ کے 168 رنز اور بائیں ہاتھ کے اسپنر ضیاء اللہ کی میچ میں 10 وکٹیں نے سندھ انڈر 19 بلیوز کو بلوچستان انڈر 19 بلیوز کے خلاف اننگز اور 115 رنز سے فتح دلائی۔ ایک وکٹ پر 96 کے اوور نائٹ اسکور پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے، سندھ انڈر 19 بلیوز نے 59 اوورز میں چھ وکٹ پر 325 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی۔

حبیب اللہ کی 168 رنز کی اننگز میں 13 چوکے اور 10 چھکے شامل تھے۔ بلوچستان انڈر 19 بلیوز اپنی دوسری اننگز میں 37 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ بائیں ہاتھ کے اسپنر ضیاء اللہ نے 11 رنز کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ ایچ پی سی گراؤنڈ میں ناردرن انڈر 19 بلیوز اور خیبر پختونخوا انڈر 19 بلیوز کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ بغیر کسی نقصان کے 90 رنز پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے ناردرن انڈر 19 بلیوز نے 83 اوورز میں سات وکٹوں پر 311 رنز بنائے۔

اسیر مغل، سعد مسعود اور شمائل حسین نے بیٹنگ سائیڈ کی جانب سے نصف سنچریاں اسکور کیں خیبرپختونخوا انڈر 19 بلیوز کی جانب سے ہلال احمد اور محمد شعیب نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔کھیل کے اختتام پر خیبرپختونخوا انڈر 19 بلیوز نے 15 اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 94 رنز بنائے تھے۔ محمد فاروق نے 52 گیندوں پر چھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 58 رنز بنائے۔

سدرن پنجاب انڈر 19 بلیوز اور سنٹرل پنجاب انڈر 19 بلیوز کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا۔ سدرن پنجاب انڈر 19 بلیوز نے اپنی دوسری اننگز میں سنٹرل پنجاب انڈر 19 بلیوز کے خلاف سات وکٹوں پر 129 رنز بنائے تھے ۔ سدرن پنجاب انڈر 19 بلیوز کے شرجیل حسن نے 98 گیندوں پر تین چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے سب سے زیادہ 62 رنز بنائے۔سنٹرل پنجاب بلیوز کے علی اسفند، علی رضا اور ارحم نواب نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

اس سے پہلے، 16 اوور میں دو وکٹ پر 38 کے اوور نائٹ اسکور پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے، سنٹرل پنجاب کی ٹیم 48 ویں اوور میں 108 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ جنوبی پنجاب کے بلال احمد 40 رن دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں۔راشد لطیف کرکٹ اکیڈمی گراؤنڈ میں سنٹرل پنجاب انڈر 19 وائٹس اور سدرن پنجاب انڈر 19 وائٹس کے درمیان میچ ڈرا ہوگیا ۔ ایک وکٹ پر 36 کے اوور نائٹ اسکور پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے، سدرن پنجاب انڈر 19 وائٹس نے 83 اوورز میں سات وکٹ پر 316 رنز بنائے۔

حسیب ناظم اور عزیر ممتاز نے نصف سنچریاں سکور کیں۔سنٹرل پنجاب انڈر 19 وائٹس کی جانب سے حسن علی جونیئر نے 115 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سنٹرل پنجاب انڈر 19 وائٹس نے کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں چھ اوورز میں ایک وکٹ پر 41 رنز بنائے تھے۔این بی پی اسپورٹس کمپلیکس میں خیبر پختونخوا انڈر 19 وائٹس اور ناردرن انڈر 19 وائٹس کے درمیان میچ ڈرا ہو گیا۔

79 اوورز میں آٹھ وکٹ پر 167 کے اسکور پر اپنی پہلی اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے ناردرن انڈر 19 وائٹس 83 اوورز میں نو وکٹ پر 183 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔جواب میں خیبرپختونخوا انڈر 19 وائٹس نے اپنی پہلی اننگز 57.4 اوورز میں 9 وکٹوں پر 185 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی۔ شاہ زیب خان نے 173 گیندوں پر 9 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 75 رنز بنائے۔ناردرن وائٹس کی جانب سے عبدالباسط اور محمد نبیل نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

ناردرن انڈر 19 وائٹس نے اپنی دوسری اننگز میں تین اوورز میں بغیر کسی نقصان کے 12 رنز تھے۔ تین راونڈز کے اختتام پر پول اے میں سندھ بلوز11 پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہوگئی جبکہ سدرن پنجاب بلوز10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے ، پول بی میں نادرن وائٹس 13 پوائنٹس جوڑ کر پہلے اور سندھ وائٹس 10 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگئی۔ ٹورنامنٹ کا چوتھا راؤنڈ 15 اگست سے شروع ہوگا۔
وقت اشاعت : 12/08/2022 - 23:50:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :