میسی 17 سال میں پہلی بار بیلن ڈی اور ایوارڈ کیلئے نامزد نہ ہوسکے

ہفتہ 13 اگست 2022 16:20

میسی 17 سال میں پہلی بار بیلن ڈی اور ایوارڈ کیلئے نامزد نہ ہوسکے
پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اگست2022ء) دنیائے فٹبال کے معروف کھلاڑی لیونل میسی 17 سال میں پہلی بار سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ بیلن ڈی اور2022 کیلئے نامزد نہ ہوسکے۔فرانسیسی فٹبال حکام نے جمعہ 12 اگست کو سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے 30 کھلاڑیوں پر مشتمل نامزدگیوں کا اعلان کیا جس میں 2005 کے بعد پہلی بار لیونل میسی کا نام شامل نہیں تھا۔

سب سے زیادہ 7 بار بیلن ڈی اور ایوارڈ جیتنے والے میسی نے گزشتہ سیزن میں پیرس سینٹ جرمین کی نمائندگی کرتے ہوئے 34 میچز میں صرف 11 گول کیے اور خیال کیا جارہا ہے خراب کارکردگی کی وجہ سے وہ سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کی نامزدگیوں میں جگہ نہیں بنا سکے۔اس کے علاوہ برازیل کے معروف فٹبالر نیمار بھی اس فہرست سے باہر ہیں البتہ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے 31 میچز میں 18 گول کر کے سال کے بہترین فٹبالر کے لیے نامزد تو ہوئے ہیں لیکن اس بار فرانس کے کریم بینزیما کو اس ایوارڈ کیلئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

فرانسیسی فٹبالر نے ریال میڈرڈ کو چیمپئنز لیگ اور لا لیگا جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے گزشتہ سیزن میں 44 گولز کیے۔سال کے بہترین فٹبالر کا اعلان رواں سال 17 اکتوبر کو کیا جائے گا۔واضح رہے کہ بیلن ڈی اور ایوارڈ فرانس فٹ بال کی جانب سے سال کے بہترین فٹبالر کو دیا جاتا ہے جبکہ اس میں دنیا بھر سے 180 صحافی فاتح کیلئے ووٹ کرتے ہیں۔گزشتہ سال یہ ایوارڈ لیونل میسی نے ریکارڈ 7ویں بار اپنے نام کیا تھا۔
وقت اشاعت : 13/08/2022 - 16:20:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :