میسی 17 سال میں پہلی بار سال کے بہترین کھلاڑی نامزد نہ ہوسکے

ہفتہ 13 اگست 2022 20:34

میسی 17 سال میں پہلی بار سال کے بہترین کھلاڑی نامزد نہ ہوسکے
بیونس آئرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2022ء) معروف کھلاڑی لیونل میسی 17 سال میں پہلی بار سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ Ballon d'Or کیلئے نامزد نہ ہوسکے۔فرانسیسی فٹبال حکام نے سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کیلئے 30 کھلاڑیوں پر مشتمل نامزدگیوں کا اعلان کیا جس میں 2005 کے بعد پہلی بار لیونل میسی کا نام شامل نہیں تھا۔

(جاری ہے)

سب سے زیادہ 7 بار یہ ایوارڈ جیتنے والے میسی نے گزشتہ سیزن میں پیرس سینٹ جرمین کی نمائندگی کرتے ہوئے 34 میچز میں صرف 11 گول کیے اور خیال کیا جارہا ہے خراب کارکردگی کی وجہ سے وہ سال کے بہترین کھلاڑی کے ایوارڈ کی نامزدگیوں میں جگہ نہیں بنا سکے۔

اس کے علاوہ برازیل کے معروف فٹبالر نیمار بھی اس فہرست سے باہر ہیں البتہ پرتگال کے کرسٹیانو رونالڈو مانچسٹر یونائیٹڈ کیلئے 31 میچز میں 18 گول کر کے سال کے بہترین فٹبالر کے لیے نامزد تو ہوئے ہیں لیکن اس بار فرانس کے کریم بینزیما کو اس ایوارڈ کیلئے فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔فرانسیسی فٹبالر نے ریال میڈرڈ کو چیمپئنز لیگ اور لا لیگا جتوانے میں اہم کردار ادا کیا، انہوں نے گزشتہ سیزن میں 44 گولز کیے۔سال کے بہترین فٹبالر کا اعلان رواں سال 17 اکتوبر کو کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 13/08/2022 - 20:34:53

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :