وفاقی دارالحکومت میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے لئے گرائونڈزکی ضرورت ہے، محمد شدیرخان

پیر 15 اگست 2022 13:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2022ء) الفیصل فٹ بال کلب کے صدر محمد شدیر خان نے کہا ہے کہ وفاقی دارالحکومت میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ کھلاڑیوں کے لئے گرائونڈ بنانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گنگال فٹ بال کلب کے زیراہتمام سہیل اینڈ ابراہیم میموریل فٹ بال ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لیے کھیلوں کےمیدان آباد کرنے ہوں گے اور عوام کو تفریح ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے تاکہ صحت کے بجٹ پر قابو پایا جا سکے۔ انہوں نے طلبا و طالبات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طلبا و طالبات تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

(جاری ہے)

محمد شدیر خان نے کہا ہے کہ ملک میں کھیلوں کی ترقی کے لئے تعلیمی ادارے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں اور حکومت تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنائے تاکہ ملک میں کھیلوں کا نیا ٹیلنٹ سامنے آ سکے۔

ٹورنامنٹ کا فائنل میچ گنگال فٹ بال کلب اور ایجوکیشن کلب کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں گنگال کلب نے ایک سخت مقابلے کے بعد 0-1 گول سے کامیابی حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر پاکستان سپورٹنگ کلب کےچیئرمین شوکت علی خان، گنگال کلب کے صدر خالد کیانی (ایڈووکیٹ)، مہران فٹ بال کلب کے صدر محمد زمان، الفیصل کلب کے صدر شدیر خان کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔
وقت اشاعت : 15/08/2022 - 13:52:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :