اعدادوشمار کے لحاظ سے شان مسعود دنیا کے بہترین لسٹ اے بلے باز قرار

32 سالہ اوپنر نے لسٹ اے کرکٹ میں 100 میچز کی 98 اننگز میں 57.13 کی اوسط سے 4685 رنز بنائے ہیں جس میں 14 سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں شامل ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 15 اگست 2022 14:30

اعدادوشمار کے لحاظ سے شان مسعود دنیا کے بہترین لسٹ اے بلے باز قرار
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 اگست 2022ء ) پاکستان کے اسٹائلش اوپننگ بلے باز شان مسعود گزشتہ ایک سال کے دوران تمام فارمیٹس میں شاندار فارم میں ہیں۔ شان نے کھیل کے تینوں فارمیٹس میں بہت زیادہ رنز بنائے ہیں اور محدود اوورز کی کرکٹ میں ان کی فارم قابل ذکر رہی ہے۔ شان مسعود جنہیں کبھی خالص ٹیسٹ بلے باز کے طور پر جانا جاتا تھا، نے اپنے کھیل کو مکمل طور پر تبدیل کرکے ناقدین کو جواب دیا ہے۔

محدود اوورز کے فارمیٹ میں شان مسعود کی ناقابل یقین فارم کی تائید اس حقیقت سے ہوتی ہے کہ لسٹ اے کرکٹ میں ان کی اوسط دنیا میں اس وقت فعال کرکٹرز میں سب سے زیادہ ہے۔ شان مسعود نے لسٹ اے کرکٹ میں 100 میچز کی 98 اننگز میں 57.13 کی اوسط سے 4685 رنز بنائے ہیں جس میں 14 سنچریاں اور 28 نصف سنچریاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اس فہرست میں شان مسعود کے بعد ویرات کوہلی ہیں جنہوں نے 286 اننگز میں 56.50 کی اوسط سے 13786 رنز بنائے ہیں۔

پاکستان کے آل فارمیٹ کے کپتان بابر اعظم 150 اننگز میں 56.16 کی اوسط کے ساتھ 7358 رنز بنا کر تیسرے نمبر پر ہیں۔ کم از کم 3000 لسٹ اے رنز بنانے والے فعال کرکٹرز کی فہرست میں بہترین اوسط کے حاصل کھلاڑیوں کی فہرست میں چیتشور پجارا 106 اننگز میں 55.95 کی اوسط کے ساتھ 4812 رنز بنا کر چوتھے اور بھارت ہی کے رتوراج گائیکواڑ 63 اننگز میں 54.73 کی اوسط سے 3284 رنز بنا کر 5ویں نمبر پر ہیں۔ شان مسعود کی شاندار فارم نے کرکٹ برادری کی توجہ مبذول کرائی ہے اور انہیں پاکستان کے محدود اوورز کے سیٹ اپ میں بطور اوپنر شامل کرنے کے لیے آواز اٹھائی جارہی ہے۔ 32 سالہ شان مسعود اس وقت کاؤنٹی چیمپئن شپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والوں کے چارٹ میں بھی سرفہرست ہیں۔
وقت اشاعت : 15/08/2022 - 14:30:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :