آزادی سپورٹس فیسٹیول ،مکسڈ مارشل آرٹس مقابلوں کا شاندار انعقاد

صوبائی وزیر کھیل محمد عاطف خان نے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے

پیر 15 اگست 2022 19:25

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2022ء) ڈائریکٹوریٹ آف سپورٹس اور ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز خیبرپختونخوا کے اشتراک سے آزادی سپورٹس فیسٹیول کے سلسلے میں پہلی مرتبہ مردان سپورٹس کمپلیکس میںمکسڈ مارشل آرٹس کے مقابلے پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن اور صوبائی مکسڈ مارشل آرٹس ایسوسی ایشن کے تعاون سے منعقد ہوئے اس موقع پر صوبائی وزیر کھیل محمد عاطف خان مہمان خصوصی تھے جنہوں نے ونر کھلاڑیوںمیں دس لاکھ روپے کے نقد انعامات‘میڈلز اور ٹرافیاں تقسیم کیں ان کے ہمراہ سینیٹر شاہ زیب خانزادہ‘ایم این اے مجاہد خان‘اراکین صوبائی اسمبلی ظاہر شاہ طورو‘طفیل انجم‘روی کمار‘ملک شوکت‘ڈی جی سپورٹس خالد خان ‘ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس آپریشنز جمشید بلوچ‘ڈی ایس او مردان افضال محمد‘آرایس او مردان نعمت اللہ مروت‘ڈسٹرکٹ یوتھ آفیسر زبیر خٹک سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں‘ یہ مقابلے صوبائی وزیر کھیل کی خصوصی دلچسپی اور ہدایات کی روشنی میں مردان سپورٹس کمپلیکس میں منعقد کرائے گئے ان مقابلوں کو دیکھنے کے لئے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی‘مکسڈ مارشل آرٹس کی 10 کیٹیگریز میں مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جس میں 8 امیچورفائٹس‘ایک چیمپئن فائٹ اور ایک پرو فائٹ شامل تھیں‘ان مقابلوں میں مردان کے ساتھ سوات‘کوہاٹ‘ڈی آئی خان ‘پشاور اور خیبر کے ٹاپ رینک کھلاڑیوں نے شرکت کی چیمپئن فائٹ سوات کے حیدر علی جبکہ پروفائٹ حسین طوری نے جیتی جبکہ دیگر کیٹیگریز کے مقابلے بھی کانٹے کے تھے جس کو شائقین نے بہت سراہا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر کھیل محمد عاطف خان نے اپنے خطاب میں ڈی جی سپورٹس اور ان کی ٹیم کو بہترین مقابلوں کے انعقاد پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ بھی مردان سمیت پورے صوبے میں اس قسم کے ایونٹس کا انعقاد ہوتا رہے گا کھلاڑیوں کو مواقع اور سہولتیں فراہم کرتے رہیں گے اور اس کیساتھ ان کی حوصلہ افزائی کاسلسلہ بھی جاری رہے گا انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے کھلاڑی اپنی بہترین صلاحیتوںکا اظہار کررہے ہیں اور یہی کھلاڑی مستقبل میں پوری دنیا میں ملک و قوم کا نام روشن کریںگے۔
وقت اشاعت : 15/08/2022 - 19:25:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :