خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام ٹور ڈی اورکزئی فیسٹیول انعقاد

جیپ ریلی، سائیکل ریس اور موٹر بائیک ریلی ملک کے امن اور قدرتی حسن کی بحالی میں ایک مثبت پیغام اورسافٹ امیج پیش کرنے میں مددگار ثابت ہوگی، سیکرٹری محکمہ سیاحت طاہر اورکزئی :فرنٹیئر 4x4 کلب کی جیپ ریس میں بابر خان یوسفزئی نے پہلی ، خضر حیات دوسری،ندیم اختر نے تیسری پوزیشن حاصل کی، تقریب میں روایتی رباب موسیقی کا اہتمام بھی کیا گیا

پیر 15 اگست 2022 21:31

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اگست2022ء) سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ ، میوزیم وامورنوجوانان خیبرپختونخوا محمد طاہر اورکزئی نے کہا ہے کہ ضم شدہ اضلاع میں سیاحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ 4x4 جیپ ریس ، سائیکل ریس اور موٹر بائیک ریلی ملک کے امن اور قدرتی حسن کی بحالی کیساتھ ساتھ ایک مثبت پیغام اور دنیا کے سامنے سافٹ امیج پیش کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے غنڈاقی سپورٹس کمپلیکس غلجواورکزئی میں منعقدہ ٹور ڈی اورکزئی فیسٹیول کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرجی او سی کوہاٹ میجر جنرل عاکف اقبال بھی مہمان خصوصی تھے ۔ ان کے ہمراہ ممبر صوبائی اسمبلی غزن جمال،پراجیکٹ ڈائریکٹرٹورازم اتھارٹی ضم اضلاع اشتیاق خان،ڈپٹی کمشنر اورکزئی، فرنٹیئر 4x4 کلب کے صدر بابر خان یوسفزئی ، سائیکل فیڈریشن کے سید اظہر علی شاہ ، خیبرپختونخوا سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے صدر نثار احمداور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔

(جاری ہے)

پاکستان کی75 ویں یوم آزادی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے سلسلے میںمحکمہ سیاحت خیبرپختونخوا کے زیرانتظام خیبر پختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی ضم اضلاع ونگ کے زیراہتمام غنڈاقی سپورٹس کمپلیکس غلجواورکزئی میں ''ٹور ڈی اورکزئی'' فیسٹیول منعقد ہوا۔ فیسٹیول میں 4x4 فرنٹیئر جیپ کاریس، سائیکل ریس اور موٹر بائیک ریلی کا انعقاد کیا گیا جبکہ موسیقی کی تقریب اور ثقافتی رقص بھی تقریب کا حصہ تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری سیاحت محمد طاہر اورکزئی نے کہا کہ تقریب کے انعقاد سے اورکزئی کے قدرتی حسن کی جانب مزید غیر ملکی سیاحوں راغب ہونگے۔ ماضی میں عدم تحفظ کی وجہ سے میدان ویران تھے لیکن آج انہیں بحال کر دیا گیا ہے۔ تقریب وزیر اعلیٰ محمود خان کی ہدایت پر پاکستان کی 75ویں ڈائمنڈ جوبلی کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔مستقبل میں ضم اضلاع میں ہر سال ایسی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

طاہر اورکزی نے کہا کہ پورے تیراہ ریجن میں ایڈونچر ٹورازم خاص طور پر سائیکلنگ اور پیراگلائیڈنگ کے مواقع موجود ہیں۔ ضلع اورکزئی کو خیبرپختونخوا کی سائیکلنگ مقام قراردیا جائے گا ۔محکمہ سیاحت کی جانب سے تمام ضم شدہ اضلاع میں اسی طرح کے میگا ایونٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔تقریب کا مقصد ان اضلاع میں ثقافت، سیاحت اور کھیلوں کو فروغ دینا بھی تھا۔ فیسٹیول میںپشاور، کوہاٹ، کرم ، ہنگو اور خیبرسمیت مختلف علاقوں سے شرکاء نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔فیسٹیول میں فرنٹیئر 4x4 جیپ ریس میں بابر خان یوسفزئی نے پہلی ، خضر حیات نے دوسری جبکہ ندیم اختر بھٹی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
وقت اشاعت : 15/08/2022 - 21:31:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :