فیفا نے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کو معطل کردیا

منگل 16 اگست 2022 12:31

فیفا نے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کو معطل کردیا
نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2022ء) انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹ بال (فیفا)نے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف)کو فوری طور پر معطل کر دیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انٹرنیشنل فیڈریشن آف ایسوسی ایشن فٹ بال نے ایک بیان میں کہاہے کہ قوانین کی خلاف ورزی کی وجہ سے آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کو فوری طور پر معطل کر دیا گیاہے اور اب بھارت رواں سال اکتوبر میں خواتین کے انڈر 17 عالمی فٹ بال کپ کی میزبانی نہیں کر سکے گا۔

فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا نے کہاکہ یہ فیصلہ تیسرے فریق کی غیر ضروری مداخلت کی وجہ سے کیا گیاہے۔رواں ماہ کے آغاز میں فیفا نے تیسرے فریق کی مداخلت پر آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کو معطل کئے جانے کے بارے میں خبردار کیا تھا۔

(جاری ہے)

فیفا کونسل کے بیورو نے متفقہ طور پر آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن کو تیسرے فریق کے غیر ضروری اثر و رسوخ کے سبب فوری طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جو فیفا کے قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

معطلی کے حوالے سے فیفا نے کہاہے کہ جب آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن ایگزیکٹو کمیٹی کے اختیارات مکمل طورپر سنبھال لے گی اور ایڈمنسٹریٹرز کی ایک کمیٹی قائم کرنے کاحکم جاری کرے گی تو یہ معطلی ختم کردی جائے گی۔واضح رہے کہ رواں سال نومبر میں فیفا عالمی کپ بھی منعقد ہورہا ہے ۔
وقت اشاعت : 16/08/2022 - 12:31:33

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :