پہلا ون ڈے ، پاکستان کا نیدرلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے بقیہ دو میچز 18 اور 21 اگست کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 اگست 2022 13:36

پہلا ون ڈے ، پاکستان کا نیدرلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ
روٹرڈیم (اردو پوائنٹ تازہ ترین ۔ 16 اگست 2022ء) پاکستان اور نیدرلینڈز کے مابین پہلی دوطرفہ ون ڈے کرکٹ سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے نیدرلینڈ کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ میں شامل تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز کے بقیہ دو میچز 18 اور 21 اگست کو اسی مقام پر کھیلے جائیں گے۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیم رینکنگ میں چوتھے نمبر پر موجود پاکستان کی ٹیم آئی سی سی مینز ورلڈکپ سپر لیگ میں 90 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر 5ویں پوزیشن پر موجود ہے۔

بابراعظم کی زیرقیادت قومی کرکٹ ٹیم اگر اس سیریز میں شامل تینوں میچز جیت جاتی ہے تو وہ ورلڈ سپر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل پر 120 پوائنٹس کے ساتھ دوسری پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔ دنیائے کرکٹ کے نمبر ون بیٹر بابراعظم اس سیریز میں ایک بھی سنچری سکور کردیں تو وہ بین الاقوامی کرکٹ میں 10 سنچریاں بنانیوالے پہلے پاکستانی کپتان بن جائیں گے۔

(جاری ہے)

وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میں 1000 رنز مکمل کرنے کیلئے مزید 18 رنز درکار ہیں۔

گوکہ اس سیریز کے ابتدائی دو میچز میں پاکستان کو شاہین شاہ آفریدی کی خدمات دستیاب نہیں ہوگی تاہم آئی سی سی ون ڈے انٹرنیشنل پلیئرز رینکنگ میں دوسرے بہترین بیٹر امام الحق میزبان ٹیم کے خلاف پاکستان کی جانب سے اوپننگ کریں گے۔ قومی ون ڈے سکواڈ میں بابر اعظم (کپتان)، شاداب خان (نائب کپتان)، عبداللہ شفیق، فخر زمان، حارث رؤف، امام الحق، خوشدل شاہ، محمد حارث، محمد نواز، محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر ، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، شاہنواز دھانی اور زاہد محمود شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 16/08/2022 - 13:36:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :