پہلا ون ڈے، پاکستان کا نیدرلینڈ کو جیت کیلئے 315 رنز کا ہدف

فخر زمان کی سنچری، بابر اعظم 74 رنز بنا کر پوویلین لوٹے، شاداب 48 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 16 اگست 2022 17:59

پہلا ون ڈے، پاکستان کا نیدرلینڈ کو جیت کیلئے 315 رنز کا ہدف
روٹرڈیم (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 اگست 2022ء ) پاکستان نے نیدرلینڈز کو سیریز کے پہلے ون ڈے میچ میں جیت کے لیے 315 رنز کا ہدف دیا ہے۔ روٹرڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈز کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم ابتداء میں قومی بیٹرز مشکلات کا شکار نظر آئے، اوپنر امام الحق 19 گیندوں پر محض 2 رنز بناکر پولین لوٹے فخر زمان اور بابر اعظم نے 168 رنز کی پارٹنر شپ بنا کر قومی ٹیم کو بڑے ٹوٹل کی جانب گامزن کیا۔

فخر زمان نے اپنے کیریئر کی 7ویں سنچری جبکہ بابر اعظم نے 19ویں نصف سنچری بنائی۔ فخر زمان نے 109 اور بابر اعظم نے 74 رنز کی اننگز کھیلی، تاہم اختتامی لمحات میں شاداب خان کے ناقابلِ شکست 48 اور آغا سلمان کے 27 رنز کی بدولت قومی ٹیم نے 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 314 رنز بنائے۔

(جاری ہے)

۔ قبل ازیں قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ نیدرلینڈز کے خلاف پہلے میچ میں آل راؤنڈر سلمان علی آغا اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ ڈیبیو کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی میچ جیت کر اپنی پوزیشن مستحکم کریں گے اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ میں رینکنگ کو بہتر بنائیں۔ پاکستان کی قیادت بابر اعظم کر رہے ہیں جبکہ نائب کپتان شاداب خان ہیں۔پلیئنگ الیون میں امام الحق، فخر زمان، محمد رضوان، سلمان علی آغا، خوشدل شاہ، محمد نواز، حارث رؤف اور نسیم شاہ شامل ہیں۔ سیریز کے لیے پاکستان نے خراب فارم کی وجہ سے فاسٹ باؤلر حسن علی کو اسکواڈ میں شامل نہیں کیا ہے اور ان کی جگہ تیز گیند باز نسیم شاہ کو شامل کیا گیا ہے، ان کے علاوہ شاہنواز دھانی، حارث رؤف اور محمد وسیم جونیئر اسکواڈ میں شامل ہیں۔

دوسری جانب نیدرلینڈز نے 38 سالہ آل راؤنڈر ویسلے بیریسی کو 3 سال کی غیر حاضری کے بعد ٹیم میں واپس بلا لیا ہے۔ آج افتتاحی میچ کے بعد دوسرا میچ 18 اگست اور تیسرا 21 اگست کو کھیلا جائے گا۔ 
وقت اشاعت : 16/08/2022 - 17:59:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :