بابر اعظم نے بطور نمبر 1 ون ڈے بلے باز اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی

پاکستانی کپتان کے 891 ریٹنگ پوائنٹس ، امام الحق 800 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ان کے قریب ترین حریف

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 17 اگست 2022 14:21

بابر اعظم نے بطور نمبر 1 ون ڈے بلے باز اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 17 اگست 2022ء ) پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے تازہ ترین آئی سی سی مینز پلیئر رینکنگ میں دنیا کے ٹاپ رینکنگ ون ڈے بلے باز کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرلی ہے۔ بابر اعظم نے منگل کو نیدرلینڈز کے خلاف پاکستان کی 16 رنز کی فتح کے دوران شاندار 74 رنز بنائے اور اس کی مدد سے انہیں ون ڈے رینکنگ میں اپنے قریب ترین حریف پر فاصلہ بڑھانے میں مدد ملی۔

بابر اعظم گزشتہ سال اپریل میں بھارت کے سابق کپتان ویرات کوہلی کو پیچھے چھوڑنے کے بعد سے ون ڈے بلے بازوں کی رینکنگ میں سرفہرست ہیں اور تازہ ترین اپ ڈیٹ کے بعد اب ٹاپ پوزیشن پر ان کی برتری 91 ریٹنگ پوائنٹس تک پہنچ گئی ہے۔ پاکستانی کپتان کے کل 891 ریٹنگ پوائنٹس ہیں، ان کے ساتھی امام الحق 800 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ان کے قریب ترین حریف ہیں ۔

(جاری ہے)

بابر تازہ ترین T20I بلے بازوں کی درجہ بندی میں بھی سرفہرست ہیں، نیوزی لینڈ کے اوپنر ڈیون کونوے ویسٹ انڈیز کے خلاف متاثر کن سیریز کے بعد پاکستانی سٹار کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ کونوے 106 رنز کے ساتھ سیریز کے دوسرے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کھلاڑی تھے اور اس نے انہیں T20I بلے بازوں کی درجہ بندی میں 7ویں نمبر پر آنے میں مدد کی۔ تازہ ترین رینکنگ میں کیوی کھلاڑیوں کی ترقیاں ہوئیں، آل راؤنڈر مچل سینٹنر بالرز کی T20I رینکنگ میں مجموعی طور پر 9 درجے بہتری کے ساتھ آٹھویں نمبر پر ہیں۔

آسٹریلین تیز گیند باز جوش ہیزل ووڈ اس فہرست میں سرفہرست ہیں۔ ہیزل ووڈ نے ون ڈے بولرز کی تازہ ترین درجہ بندی میں ایک مقام کو بھی بہتر کیا ہے، پاکستانی تیز گیند باز شاہین آفریدی نیدرلینڈز کے خلاف افتتاحی میچ نہ کھیلنے کے بعد دو درجے نیچے پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔ ون ڈے بولر رینکنگ میں سب سے بڑی چھلانگ بنگلہ دیش کے تیز گیند باز مستفیض الرحمان نے ماری ہے جو 6 درجے ترقی کرکے مجموعی طور پر 10ویں نمبر پر آگئے ہیں۔ مستفیض زمبابوے کے خلاف بنگلہ دیش کی حالیہ سیریز کے دوران مشترکہ طور پر سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر رہے، 26 سالہ پیسر کو ٹاپ 10 میں آنے کا موقع ملا۔
وقت اشاعت : 17/08/2022 - 14:21:48

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :