ایشیاء کپ، پاک بھارت میچ کے ساتھ دیگر میچز کی ٹکٹ خریدنے کی شرط عائد

ٹکٹوں کی فروخت اماراتی وقت کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہوئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 18 اگست 2022 11:41

ایشیاء کپ، پاک بھارت میچ کے ساتھ دیگر میچز کی ٹکٹ خریدنے کی شرط عائد
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 اگست 2022ء ) ایشیاکپ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے مابین میچ کے ٹکٹ کے ساتھ 2 دیگر میچز کی ٹکٹ خریدنے کی شرط عائد کردی گئی۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ہونے ایشیاکپ کیلئے پاکستان اور بھارت ٹیمیں 28 اگست کو ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں گی تاہم اس سے قبل میچ کے پہلے مرحلے کے ٹکٹس محض 3 گھنٹوں میں فروخت ہوچکے ہیں جب کہ دوسرے مرحلے کے ٹکٹس کی فروخت کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

پاک بھارت میچ کے ٹکٹس کی فروخت میں مانگ اضافے کے پیش نظر ٹکٹنگ پلیٹ فارم نے پہلے آئیے، پہلے پائیے کی خریداری کی پالیسی ترتیب دی ہے، منتظمین نے روایتی حریف کے میچ کے مہنگے ٹکٹس پلاٹینم کیٹیگری میں رکھے ہیں جبکہ روایتی حریفوں کے درمیان میچ کے ساتھ کسی دوسرے 2 میچز کی بھی ٹکٹ خریدنا ہوں گی۔

(جاری ہے)

ٹکٹس کے حصول کیلئے شائقین کرکٹ کو آن لائن قطار میں لگانا ہوگی، ایک شائق نے بتایا کہ میں نے ایک ہزار درہم ٹکٹوں کی خریداری پر خرچ کیے، اتنی رقم میں میرا آدھا گھر کا راشن آتا ہے، میں صرف پاک بھارت میچ دیکھوں گا، دیگر میچز کی ٹکٹ دوست یا فیملی ممبرز کو دے دوں گا۔

قبل ازیں گزشتہ روز پہلے مرحلے کے ٹکٹس محض 3 گھنٹوں میں فروخت ہوگئے تھے جب کہ کچھ شائقینِ کرکٹ نے اپنے ٹکٹس کو اصل قیمت سے زائد پر فروخت کرنے کی بھی کوشش کی تھی۔
وقت اشاعت : 18/08/2022 - 11:41:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :