کشمیر پریمیئر لیگ، اوورسیز واریئرز نے مظفرآباد ٹائیگرز کو 9 رنز سے شکست دیدی

جمعہ 19 اگست 2022 23:20

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2022ء) کشمیر پریمیئر لیگ سیزن ٹو کے میچ میں اوورسیز واریئرز نے مظفرآباد ٹائیگرز کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9 رنز سے شکست دے دی، اوورسیز واریئرز کے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مظفرآباد کی ٹیم 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا سکی، سیف بدر کو 57 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

جمعہ کو مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے کے پی ایل کے 13ویں میچ میں اوورسیز واریئرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 147 رنز بنائے۔ سیف بدر نے 40 بالوں پر 57 رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔ گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے کپتان اسد شفیق23 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ کامران غلام 18، محمد نثار ملک 14 اور فرحان شفیق 11 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

مظفرآباد ٹائیگرز کے بائولر ارشد اقبال نے 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ سلمان فیاض نے دو جبکہ انور علی اور میر حمزہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اوورسیز واریئرز کے 148 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مظفرآباد ٹائیگرز مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 138 رنز بنا پائی۔ امیر حمزہ 31 رنز کے ساتھ کامیاب ترین بیٹر رہے، کپتان محمد حفیظ نے 25 رنز کی اننگز کھیلی۔ انور علی 17، سلمان فیاض اور سعد بن ظفر 15,15 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ اوورسیز واریئرز کے بائولرز علی شفیق ، فرحان شفیق اور محمد شہزاد نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ سہیل خان اور عمران رندھاوا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اوورسیز واریئرز کے سیف بدر کو 57 رنز کی بہترین اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
وقت اشاعت : 19/08/2022 - 23:20:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :