محمد رضوان کے ساتھ وقت بہت اچھا گزرا، وہ باصلاحیت کرکٹر ہے: چیتشور پجارا

پاک، بھارت جوڑی نے اس سال کے شروع میں کاؤنٹی چیمپئن شپ سیکنڈ ڈویژن میں ہوو میں چھٹی وکٹ کیلئے 154 رنز کی شراکت داری قائم کی تھی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 25 اگست 2022 12:42

محمد رضوان کے ساتھ وقت بہت اچھا گزرا، وہ باصلاحیت کرکٹر ہے: چیتشور پجارا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 اگست 2022ء ) بھارتی ٹیسٹ بلے باز چیتشور پجارا کا کاؤنٹی چیمپئن شپ 2022ء میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔ پجارا کاؤنٹی چیمپئن شپ میں سسیکس کے لیے کھیل رہے تھے جہاں انہوں نے پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے ساتھ بھی کھیلا۔ اس جوڑی نے اس سال کے شروع میں ہوو میں چھٹی وکٹ کے لیے 154 رنز کی شراکت داری اس وقت قائم کی جب انگلش کرکٹ کی ریڈ بال کاؤنٹی چیمپئن شپ کے سیکنڈ ڈویژن میں سسیکس نے ڈرہم کی پہلی اننگز 223 کے جواب میں 538 رنز بنائے۔

گزشتہ روز چتیشور پجارا نے ٹویٹر پر رضوان کے ساتھ بیٹنگ اور ڈریسنگ روم کا اشتراک کرنے کے اپنے خوشگوار تجربے کے بارے میں شیئر کیا۔ انہوں نے ایک پاکستانی ٹویٹر صارف کی جانب سے سوال پر لکھا کہ ’’محمد رضوان کے ساتھ وقت بہت اچھا گزرا، وہ باصلاحیت کرکٹر ہے‘‘۔

(جاری ہے)

پجارا اور رضوان دونوں سسیکس میں تھے اور یہ ہندوستانی اور پاکستانی کرکٹرز کا ایک ہی ٹیم میں شامل ہونے کا ایک نادر موقع تھا۔

بھارت نے سیاسی کشیدگی کی وجہ سے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ کرکٹ تعلقات منسوخ کر دیے ہیں اور ٹیمیں صرف آئی سی سی ایونٹس اور ایشیا کپ میں آمنے سامنے ہوتی ہیں۔ جنوبی ایشیائی حریفوں نے 13-2012ء میں ایک روزہ بین الاقوامی اور ٹی ٹونٹی میچوں کے لیے پاکستان کے بھارت کے دورے کے بعد دو طرفہ سیریز میں حصہ نہیں لیا ہے۔ پاکستان کے سرکردہ کرکٹرز کو انڈین پریمیئر لیگ کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا، جو کہ دنیا کے سب سے زیادہ کیش سے بھرپور اور اہم ٹی ٹونٹی مقابلے ہیں۔
وقت اشاعت : 25/08/2022 - 12:42:10

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :