کے ٹی پی ایل سیزن ٹو,ڈی ایچ اے دبنگز اور کلفٹن غازیز فائنل میں

سیمی فائنل میں گلشن گوہر اور لیاری لیجنڈز کو شکست ،گلشن گوہر کی ٹیم نے سب سے کم30رنزبنائے

ہفتہ 24 ستمبر 2022 23:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 ستمبر2022ء) کراچی ٹیپ بال پریمئر کرکٹ لیگ سیزن ٹو کا فائنل فیورٹ کلفٹن غازیز اور ڈی ایچ اے دبنگز کے درمیان کھیلا جائے گا ،اصغر علی شاہ کرکٹ اسٹیڈیم پر جاری بدر ایکسپو کے ٹی پی ایل سیزن ٹو کے سیمی فائنل میچوں میں دل چسپ مقابلے کے بعد تیمور مرزا کی گلشن گوہر اور بہترین پلئیرز پر مشتمل لیاری لیجنڈز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔

پہلے سیمی فائنل میں لیگ کی دو مضبوط ٹیموں گلشن گوہر اور کلفٹن غازیز کے درمیان کھیلا گیا جس میں کلفٹن غازیز نے 10وکٹوں سے فتح سمیٹ کر ٹائٹل میچ میں جگہ بنائی ۔گلشن گوہرنے پہلی اننگز میں41رنز کی سبقت لینے کے باوجود دوسری اننگز میں لیگ کا سب سے کم اسکور30رنز بنایا جو اس کی شکست کی وجہ بنا ۔

(جاری ہے)

گلشن گوہر نے پہلی اننگز میں تیمور مرزاکی22گیندوں پر 12چھکوں کی مد د سے بنائے گئے 80رنز کی بدولت 133رنز اسکور کئے جس کے جواب میں کلفٹن غازیزکی ٹیم اسد شاہ کی52رنز کی بدولت 92رنز بنا سکی اور اسے 41رنز کے خسارے کا سامنا رہا ۔

میچ میں ڈرائیونگ سیٹ پر آنے کے باوجود گلشن گوہر کی ٹیم دوسری اننگز میں حیران کن طور پر 9وکٹوں پر صرف30رنز ہی بنا سکی ۔تیمور مرزا4رنز پر آئوٹ ہوئے تو وکٹوں کی جھڑی لگ گئی ۔سرمد حمید10رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر ڈبل فیگر میں نہ جا سکا ۔کلفٹن غازیز کے ثاقب خان نے 9رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں ۔کلفٹن غازیز نی72 کا ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کر لیا اس کی جانب سے مزمل کامونکی نے 48رنز اسکور کئے۔

تیمور مرزا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار دئیے گئے ۔دوسرے سیمی فائنل میں ڈی ایچ اے دبنگز نے لیاری لیجنڈز کو دل چسپ مقابلے کے بعد12رنز سے شکست دی ۔ ڈی ایچ اے دبنگز نے پہلی اننگز میں وقاص شیر کے 52رنز کی بدولت 104رنز بنائے جس کے جواب میں لیاری لیجنڈز کی ٹیم 68رنز بناکر 36رنز کے خسارے میں رہی۔ ڈی ایچ اے دبنگز کی ٹیم نے دوسری اننگز میں صرف45رنز بنا ئے اور 81رنز کی برتری لی ۔لیاری لیجنڈز 82رنز کے ہدف کے تعاقب میں 69رنز بنا سکی اور12رنز سے شکست کھا گئی ۔رانا محسن کی25رنز بھی رائیگاں گئے ۔فیاض خان مچل نے تین وکٹ لئے ۔رانا محسن میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے ۔
وقت اشاعت : 24/09/2022 - 23:13:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :