انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب کی پاک انگلینڈ کرکٹ میچز کے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کی ہدایت

جمعہ 30 ستمبر 2022 23:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2022ء) انسپکٹرجنرل پولیس پنجاب فیصل شاہکار نے قذافی سٹیڈیم میں پاک انگلینڈ کرکٹ سیریز کے آخری دو میچز کے سکیورٹی انتظامات مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں، کھلاڑیوں، ٹیم آفیشلز اور غیر ملکی مہمانوں کی سکیورٹی میں بھی اضافہ کیا جائے اور ہوٹل، سٹیڈیم سمیت تمام روٹس کی بلاتعطل نگرانی یقینی بنائی جائے، میچز کی سکیورٹی کیلئے تعینات نفری کی تعداد میں اضافہ اور سپروائزری افسران خود فیلڈ میں نکل کر سکیورٹی انتظامات کی کمانڈ کریں۔

انہوں نے یہ ہدایات سنٹرل پولیس آفس میں کرکٹ میچز کے سکیورٹی اقدامات بارے جائزہ اجلاس میں لاہور پولیس کے افسران کو دیں۔آئی جی نے ہدایت کی کہ ڈولفن و پیرو کی ٹیمیں مسلسل پٹرولنگ یقینی بنائیں اور کھلاڑیوں کی آمدورفت کے دوران بھی فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے جائیں تاہم کسی سڑک کو غیر ضروری ہرگز بند نہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

آئی جی نے سٹیڈیم کے اردگرد ٹریفک کی ہموار روانی برقرار رکھنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہاکہ میچز دیکھنے کیلئے آنے والے شائقین کرکٹ کی سکیورٹی کیلئے بہترین انتظامات کئے جائیں تاکہ شہریوں کو کم سے کم پریشانی کا سامنا کرنا پڑے۔

اجلاس میں سی سی پی او اور ڈی آئی جی آپریشنز نے سکیورٹی انتظامات پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایاکہ ہوٹل اور سٹیڈیم روٹ پر نصب سیف سٹی کیمروں سے مانیٹرنگ کا عمل 24 گھنٹے جاری ہے اور ایس او پیز کے مطابق میچز کی سکیورٹی کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت بھرپور اقدامات کئے گئے ہیں۔ سی سی پی او نے شہریوں سے درخواست کی کہ شائقین کرکٹ میچ دیکھنے کے لیے اصل شناختی کارڈ لازمی ہمراہ لائیں۔

انہوں نے کہاکہ کرکٹ شائقین میچ کے اوقات سے قبل سٹیڈیم میں تشریف لائیں اور سکیورٹی پر مامور عملہ سے تعاون کرتے ہوئے ایس او پیز کا خیال رکھیں۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹریفک پولیس کے ایک ہزار وارڈنز رات گئے تک خصوصی ڈیوٹی پر مامور رہیں گے۔سنٹرل پولیس آفس میں ہونے والے اجلاس میں سی سی پی اولاہور، ایڈیشنل آئی جی آپریشنز، ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ شامل تھے جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سمیت لاہور پولیس کے دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وقت اشاعت : 30/09/2022 - 23:10:57

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :