سی سی پی او لاہورکا قذافی سٹیڈیم کا دورہ ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا

جمعہ 30 ستمبر 2022 23:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 ستمبر2022ء) سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے پاکستان اور انگلینڈ کے مابین قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے انٹرنیشل ٹی ٹونٹی کرکٹ سیریز کے چھٹے میچ کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے کھلاڑیوں کی رہائش گاہ ، روٹ اور سٹیڈیم کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز افضال احمد کوثر،سی ٹی او منتظر مہدی،ایس ایس پی آپریشنز، ایس پی سکیورٹی اور دیگر سینئر پولیس افسران ان کے ہمراہ تھے۔

غلام محمود ڈوگر نے کہا کہ کھلاڑیوں کی سیکورٹی مزید سخت بنانے کے پیش نظر تعینات نفری میں اضافہ کیا گیا ہے ، پولیس،ٹریفک،ڈولفن سکواڈ، پولیس ریسپانس یونٹ،ایلیٹ فورس اور اینٹی رائٹ فورس، لیڈیز پولیس اہلکاروں سمیت 11 ہزار افسران اور اہلکار میچز کی سکیورٹی پر تعینات کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

سی سی پی او نے سٹیڈیم کے داخلی گیٹس پر شہریوں کی چیکنگ کے عمل کا جائزہ لیا اور پولیس افسران کو چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی کھلاڑیوں،ٹیم آفیشلز اور شائقین کرکٹ کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کھلاڑیوں کی رہائش گاہ، روٹ اور سٹیڈیم کی مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔ انہوں نے تعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو انتہائی الرٹ رہنے،مشکوک افراد،گاڑیوں اور سامان پر کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔سی سی پی او نے کہا کہ کسی بھی شخص کو بغیر چیکنگ سٹیڈیم کی حدود میں ہرگز داخل نہ ہونے دیں،بلند عمارات پر تعینات سنائپر الرٹ رہیں اور گرد و نواح کی سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں۔

غلام محمود ڈوگر نے ڈولفن سکواڈ،پیرو اور ایلیٹ فورس ٹیموں کو نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس اور اطراف میں موثر پٹرولنگ کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ امن دشمن و جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لیے مخصوص مقامات پر 200 سے زائد ناکے لگائے گئے ہیں جبکہ شہر کی داخلی و خارجی پولیس چیک پوسٹوں پر چیکنگ بھی مزید سخت کر دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس شہر میں انٹرنیشنل سپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کے لئے بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ملکی وقار اور انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی سکیورٹی پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 30/09/2022 - 23:20:12

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :