انڈین جیولن تھروور شیوپال سنگھ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت، 4 سال کی پابندی عائد

27 سالہ شیوپال سنگھ پر اکتوبر 2025ء تک کے لیے پابندی عائد کر دی ہے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 3 اکتوبر 2022 15:47

انڈین جیولن تھروور شیوپال سنگھ کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت، 4 سال کی پابندی عائد
ممبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 اکتوبر 2022ء ) ٹوکیو اولمپک کے دوران جیولن تھرو کے مقابلوں میں حصہ لینے والے انڈین ایتھلیٹ شیوپال سنگھ کا ممنوعہ ادویات کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد چار سال کے لیے انہیں کھیلوں میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شیوپال سنگھ کے ڈرگ ٹیسٹ میں میتھاڈون نامی ممنوعہ سٹیرائڈ کے اثرات کا انکشاف ہوا ہے جو دراصل پرفارمنس کو بہتر کرنے کے لیے کھلاڑی استعمال کرتے ہیں۔

انڈیا کی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی نے 27 سالہ ایتھلیٹ پر اکتوبر 2025ء تک کے لیے مقابلوں میں حصہ لینے کی پابندی عائد کر دی ہے۔ ٹوکیو اولمپک مقابلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا کے بعد شیوپال سنگھ جیولن تھرو میں انڈیا کے دوسرے بڑے ایتھلیٹ ہیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال ستمبر میں بھی شوپال سنگھ پر مقابلوں میں حصہ لینے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔ 2019ء میں دوحہ میں منعقد ہونے والے ایشیئن چیمپئن شپ کے مقابلوں میں شوپال سنگھ نے جیولن 86.23 میٹر دور پھینک کر چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔

اس سے قبل رواں سال میں ہی ایک اور انڈین ایتھلیٹ کمل پریت کا ڈرگ ٹیسٹ مثبت آنے پر انہیں معطل کر دیا گیا تھا۔ کمل پریت نے بھی ٹوکیو اولمپک میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں حصہ لیا تھا۔ عالمی اینٹی ڈوپنگ ایجنسی کی گزشتہ سال جاری ہونے والی رپورٹ کے مطابق روس اور اٹلی کے بعد ممنوعہ ادویات کے استعمال پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں میں انڈیا تیسرے نمبر پر ہے۔
وقت اشاعت : 03/10/2022 - 15:47:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :