نیشنل ویمنزباسکٹ بال چیمپئن شپ، پاکستان آرمی اورواپڈا سیمی فائنل میں داخل

بدھ 5 اکتوبر 2022 16:21

نیشنل ویمنزباسکٹ بال  چیمپئن شپ،  پاکستان آرمی  اورواپڈا سیمی فائنل میں  داخل
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2022ء) پاکستان آرمی اور واپڈا کی ٹیمیں نیشنل ویمنز باسکٹ بال چیمپئن شپ میں کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے سیمی فائنل میں پہنچ گئیں ۔ فیڈرل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری چیمپئن شپ کے ایک اہم میچ میں پاکستان آرمی نے اپنے جارحانہ کھیل کی بدولت اسلام آباد بلیوز کو 26 کے مقابلے میں 55پوائنٹس سے شکست دیکر سیمی فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرلیا ۔

میچ میں آرمی کی طرف سے کاشفہ 17، عائشہ خان 15، آمنہ محسن 9پوائنٹس سکور کرکے نمایاں رہی جبکہ اسلام آباد کی طرف سے ایمانی خان 8 اور مومنہ احمد 6 پوائنٹس سکور کر سکی۔ دوسرے میچ میں لاہور نے ہورینہ خان کے 10 اور فیروزہ اسلم کے 8 پوائنٹس کی بدولت خیبر پختونخوا کو 4-31پوائنٹس سے شکست دی ۔

(جاری ہے)

تیسرے میچ میں دفاعی چیمپین پاکستان واپڈا نے شاندار کھیل کی بدولت حریف راولپنڈی کو 6 پوائنٹس کے مقابلے میں 62 پوائنٹس کی عبرت ناک شکست سے دو چار کرتے ہوئے سیمی فائنل رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا ۔

میچ میں راولپنڈی کی ٹیم دفاعی چیمپئن پاکستان واپڈا کے سامنے بالکل بے بس دکھائی دی ، ہاف ٹائم تک واپڈا کی ٹیم میچ میں 26پوائنٹس کی سبقت پر رہی جو میچ کے اختتام تک بڑھ کر 56پوائنٹس تک پہنچ گئی ۔ فاتح ٹیم کی طرف سے حجاب فاطمہ اور سدرہ حاکم نے گیارہ ،گیارہ پوائنٹس سکور کئے جبکہ آمنہ مختار 9 پوائنٹس سکور کرکے نمایاں رہیں۔ چوتھے میچ میں کراچی نے اسلام آباد وائٹس کو 14 کے مقابلے میں 30 پوائنٹس سے شکست دیتے ہوے سیمی فائنل راونڈ میں اپنی جگہ پکی کر لی ۔ میچ میں کراچی کی حبا فراز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 12 پوائنٹس سکور کرکے ٹیم کی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا ۔
وقت اشاعت : 05/10/2022 - 16:21:38

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :