کپتان کے اعتماد پر پورا اترنے کا وقت آگیا، شاداب بابر کے حق میں میدان میں آگئے

کامیاب وہ ہی ہوتے ہیں جو خود پر اعتماد کرتے ہیں، ا?سٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مورال بلند کرنے والی پرفارمنس کی ضرورت ہے، گفتگو

بدھ 5 اکتوبر 2022 23:00

کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اکتوبر2022ء) قومی کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شاداب خان کپتان بابر اعظم کی سپورٹ میں میدان میں آگئے ۔شاداب کا تحریر کردہ مضمون پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) کی ویب سائٹ پر شائع کیا گیا جس میں شاداب نے انگلینڈ کے خلاف سیریز سے متعلق لکھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں صرف2 دن ہمارے خراب گئے اور ہم سیریز ہار گئے، انگلینڈ کے ہاتھوں شکست پر فینز سمیت عوام کا غصہ اور مایوسی کو سمجھتے ہیں۔

شاداب خان نے لکھا کہ آئی سی سی ورلڈ ٹی ٹوئنٹی سے قبل پاکستان ٹیم ایک ماہ میں مزید 13ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی، لاہور سے کرائسٹ چرچ کی طویل فلائٹ میں ہمیں خوبیوں اور خامیوں کا جائزہ لینے کا موقع ملا، ہمیں ماضی سے سیکھنا،حال میں جینا اور مستقبل کی تیاری کرنی ہے، کامیابی کے راستے کا یہی طریقہ ہے۔

(جاری ہے)

شاداب نے اپنے آرٹیکل میں بابر اعظم کی حمایت میں بات کرتے ہوئے لکھا کہ کپتان بابراعظم ہمیشہ کھلاڑیوں کو سپورٹ کرتے ہیں، چٹان کی طرح ان کے پیچھے کھڑے ہوتے ہیں، ہمیں بھی کپتان کو سپورٹ کرنی چاہیے اور ان کی امیدوں پر پورا اترنا چاہیے، کپتان کے اعتماد پر پورا اترنے کا وقت آگیا ہے، میں بابر اعظم کے ساتھ کھڑا ہوں۔

اپنے مضمون میں نائب کپتان نے لکھا کہ کامیاب وہ ہی ہوتے ہیں جو خود پر اعتماد کرتے ہیں، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں مورال بلند کرنے والی پرفارمنس کی ضرورت ہے۔
وقت اشاعت : 05/10/2022 - 23:00:52

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :