محمد رضوان آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لئے نامزد

بدھ 5 اکتوبر 2022 23:15

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2022ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کو آئی سی سی پلیئر آف دی منتھ کے لئے نامزد کر دیا گیا، آسٹریلوی بیٹر کیمرون گرین اور بھارتی کھلاڑی اکشر پٹیل بھی فہرست میں شامل ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ستمبر کے مہینے کیلئے بہترین کھلاڑی کے انتخاب کیلئے تین نامزد کرکٹرز کی فہرست جاری کی ہے جس میں ٹی ٹونٹی کے نمبر ون بیٹر محمد رضوان، آسٹریلوی کیمرون گرین اور بھارت کے اکشر پٹیل شامل ہیں۔

محمد رضوان نے ماہ ستمبر میں 10 ٹی ٹونٹی میچوں میں 7 نصف سنچریاں سکور کیں۔انہوں نے ایشیا کپ میں ہانگ کانگ اور بھارت کے خلاف شاندار نصف سنچریوں سے ستمبر کا آغاز کیا، وہ ایشیا کپ کے ٹاپ سکورر رہے تاہم پاکستان ٹائٹل حاصل کرنے میں ناکام رہا۔

(جاری ہے)

محمد رضوان نے انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز میں316 رنز بنائے، وہ پاک انگلینڈ ٹی20 سیریز کے ٹاپ سکورر رہے۔

پلیئر آف دی منتھ کیلئے نامزد ہونے والے آسٹریلین آل رائونڈر کیمرون گرین نے نیوزی لینڈ کے خلاف 89 رنز کی میچ وننگ اننگز کھیلی جبکہ اگلے میچ میں 25 رنز کی جارحانہ اننگز اور دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔ کیمرون گرین نے اپنی فارم میں دورہ بھارت میں بھی برقرار رکھا اور 30 بالوں پر 61 رنز کی طوفانی اننگز بھی کھیلی۔ بھارتی کھلاڑی اکشر پٹیل کو آسٹریلیا کے خلاف شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی منتھ کے لیے نامزد کیا گیا۔
وقت اشاعت : 05/10/2022 - 23:15:41

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :