انڈر 16 اسٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ 2022 میں پاکستان کی نمائندگی کے لئے تیار ٹیم کی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات

بدھ 5 اکتوبر 2022 23:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 اکتوبر2022ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سٹریٹ چلڈرن اور 20 ملین سے زائد سکول نہ جانے والے بچوں کو باقاعدہ تعلیم کے دھارے میں شامل کرنا انہیں قیمتی انسانی وسائل میں تبدیل کرنے کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار انڈر 16 اسٹریٹ چلڈرن کی ٹیم اور مسلم ہینڈز کے عہدیداران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

یہ ٹیم اسٹریٹ چلڈرن ورلڈ کپ قطر 2022 میں پاکستان کی نمائندگی کرے گی۔ صدر نے مسلم ہینڈز کی جانب سے بے سہارا بچوں کی مدد، انہیں صحت مند اور تعمیری سرگرمیوں میں شامل کرنے، مناسب تربیت، تعلیم، سماجی اور مواصلاتی مہارتیں اور اعتماد کے ساتھ ساتھ فٹ بال ٹورنامنٹس میں بین الاقوامی سطح پر مقابلہ کرنے کا موقع فراہم کرنے جیسے اقدامات کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے ٹیم کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات ہاکی اور کبڈی جیسے دوسرے کھیلوں کے فروغ کے لئے بھی کئے جانے چاہئیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ اگرچہ حکومت بہت سے اقدامات کر رہی ہے تاہم پسماندہ بچوں کو صحت مند سرگرمیوں میں شامل کرنے کے لئے پرائیویٹ سیکٹر، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے تعاون کی ضرورت ہے۔ انہوں نے غیر مراعات یافتہ بچوں کو تعلیم، تربیت اور ضروری ہنر کے ذریعے سازگار ماحول فراہم کیا جائے تاکہ وہ اپنی پوری صلاحیت کا ادراک کر سکیں۔

صدر نے پاکستان سپورٹس بورڈ کو ہدایت کی کہ اسٹریٹ چلڈرن کو کھیلوں کی سرگرمیوں میں شامل کیا جائے تاکہ ان کی کردار سازی اور اعتماد سازی کے ساتھ ساتھ تربیت کے ذریعے انہیں عالمی معیار کے کھلاڑی بننے میں مدد فراہم کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک ہے اور فٹ بال کا کھیل بھی ملک کے کونے کونے میں یکساں مقبول ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کھیلوں کا فروغ ہمارے نوجوانوں کو تناؤ کو کم کرنے اور صحت مند زندگی گزارنے میں مدد دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ انہیں جدید ترین آئی ٹی ٹولز اور تربیت سے لیس ہونا چاہئے تاکہ وہ ملک کے مفید شہری بن سکیں۔ صدر مملکت نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن پر بھی زور دیا کہ وہ چھوٹے چھوٹے اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے کھیل کی ترقی پر توجہ مرکوز کرے۔

قبل ازیں ڈائریکٹر مسلم ہینڈز برطانیہ راجہ ارسلان نصرت نے صدر مملکت کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ملک بھر میں 15 سے زائد کمیونٹیز میں 1000 سے زائد بچے "بچوں کا کھیل کا حق" کے نعرے کے تحت کھیلوں کی سرگرمیوں میں شریک ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ اسٹریٹ چلڈرن پر مشتمل فٹ بال ٹیم قطر میں ہونے والے سٹریٹ چائلڈ فٹ بال ورلڈ کپ میں حصہ لے گی۔ اس موقع پر صدر مملکت نے قومی پرچم بھی ٹیم کے کپتان کو عطا کیا۔
وقت اشاعت : 05/10/2022 - 23:16:45

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :