پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کرائسٹ چرچ میں ٹریننگ

سہ ملکی سیریز میں پاکستان اپنا پہلا میچ جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا

جمعرات 6 اکتوبر 2022 14:44

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی کرائسٹ چرچ میں ٹریننگ
کرائسٹ چرچ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2022ء) پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے کرائسٹ چرچ میں سہ ملکی سیریز کی تیاری کے لیے ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا جہاں تمام کھلاڑیوں نے کوچنگ اسٹاف کی نگرانی میں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی ٹریننگ کی- سہ ملکی سیریز میں پاکستان اپنا پہلا میچ جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا- تفصیلات کے مطابق سہ ملکی سیریز کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا آؤٹ ڈور پریکٹس سیشن جمعرات کو لنکن یونیورسٹی کے گراؤنڈ میں شیڈول تھا تاہم گزشتہ رات کرائسٹ چرچ میں برفباری کی وجہ سے شدید سردی اور ٹھنڈی ہواؤں کی وجہ سے قومی کھلاڑیوں کو لنکن یونیورسٹی کے انڈور ہال میں ٹریننگ کرنا پڑی- انڈور ہال میں ٹریننگ کے لیے نیچرل ٹرف پچز موجود تھیں- تین گھنٹے تک جاری رہنے والے سیشن میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی ٹریننگ کی- سہ ملکی سیریز کا پہلا میچ جمعہ کو پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کھیلا جائیگا جو پاکستان کے وقت کے مطابق صبح سات بجے شروع ہوگا- موسم میں اچانک تبدیلی کی وجہ سے کرائسٹ چرچ میں جمعرات کو بھی ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ کو دوپہر کے وقت موسم خوشگوار ہوجائے گا اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 12 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم 2 ڈگری سینٹی گریڈ رہے گا- بنگلہ دیش کی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شکیب الحسن دیر سے کرائسٹ چرچ پہنچنے کی وجہ سے پاکستان کے خلاف اپنا پہلا میچ نہیں کھیل سکیں گے ان کی جگہ بنگلہ دیش ٹیم کی قیادت نورالحسن کریں گی-
وقت اشاعت : 06/10/2022 - 14:44:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :