بابراعظم اکثر ٹیم پر ہونے والی سخت تنقید کے بارے میں بات کرتے ہیں، رمیزراجہ کا انکشاف

جمعرات 6 اکتوبر 2022 15:03

بابراعظم اکثر ٹیم پر ہونے والی سخت تنقید کے بارے میں بات کرتے ہیں، رمیزراجہ کا انکشاف
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 اکتوبر2022ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین رمیز راجا نے انکشاف کیا ہے کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ان سے اکثر ٹیم پر ہونے والی سخت تنقید کے بارے میں بات کرتے ہیں۔ ایک انٹرویومیں چیئرمین پی سی بی نے انکشاف کیا کہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم ان سے اکثر ٹیم پر ہونے والی سخت تنقید کے بارے میں بات کرتے ہیں۔

رمیز راجا نے کہا کہ بابر مجھے بتاتا ہے کہ کیسے شائقین کرکٹ اور میڈیا کی جانب سے ٹیم پر تنقید کی جارہی ہے، میں اسے کہتا ہوں کہ خود کو خوش قسمت سمجھو کیونکہ پاکستان میں جس طرح سے کرکٹ کو سمجھا جاتا ہے ایسا کسی دوسرے کھیل کو نہیں سمجھا جاتا۔چیئرمین پی سی بی نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف فتح سے متعلق کہا کہ میں نے اس سے قبل پاکستان کو اتنی خوبصورتی سے بھارت کو شکست دیتے نہیں دیکھا، یہ بالکل آسان نہیں ، بھارت کے پاس بہت وسائل ہیں تاہم ایک ارب ڈالر کی انڈسٹری پاکستانی روپے کی صنعت سے ہار گئی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا پاکستانی میڈیا سے خاصہ مختلف ہے۔رمیز راجا نے بات جاری رکھتے ہوئے مثال دی اور کہا کہ ویرات کوہلی نے افغانستان کے خلاف سنچری بنائی تو ہندوستان ایشیا کپ میں بھارت کی کارکردگی کو بھول گیا تاہم جب بابراعظم نے سنچری اسکور کی تو پاکستانی میڈیا ان کے اسٹرائیک ریٹ پر تنقید کرنے لگا۔رمیز راجا نے کرکٹرز پر ہونے والی تنقید سے متعلق کہا کہ ٹیم پاکستان کو سپورٹ کرنا ہمارے لیے بہت ضروری ہے، آپ کھیل کی حکمت عملی پر تنقید کر سکتے ہیں لیکن نام لے کر کھلاڑیوں پر تنقید نہ کریں کیونکہ یہ انتہائی ذاتی حملہ لگتا ہے۔

ورلڈکپ سے متعلق رمیز راجا نے کہاکہ پاکستان صرف ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں شرکت کے لیے نہیں جا رہا ہے، وہ ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے آسٹریلیا جا رہے ہیں، پاکستان کے پاس بھی دیگر ٹیموں کی طرح ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے کے امکانات ہیں۔
وقت اشاعت : 06/10/2022 - 15:03:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :