قائد اعظم ٹرافی 23-2022، سینٹرل پنجاب اور بلوچستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار روزہ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیراختتام پذیر

جمعرات 6 اکتوبر 2022 22:46

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2022ء) قائد اعظم ٹرافی 23-2022، سینٹرل پنجاب اور بلوچستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چار روزہ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا ، بلوچستان نے چوتھے اور آخری روز اپنی دوسری اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے ، امام الحق نے 108 رنز کی دلکش اننگز کھیلی ، اسد شفیق 62 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے، احمد دانیال نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ، پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں جاری میچ کے چوتھے اور آخری روز بلوچستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 137 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے اننگز کی شکست سے بچنے کے لئے 213 رنز درکار تھے ، نائٹ واچ مین خرم شہزاد گزشتہ روز کے سکور میں صرف 7 رنز کا اضافہ کرنے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے ، عظیم گھمن بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور 6 رنز بنا کر احمد دانیال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے ، امام الحق نے ایک طرف سے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھا اور دسویں فرسٹ کلاس سنچری مکمل کی، وہ 108 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہو گئے ، کپتان اسد شفیق اور علی وقاص نے پانچویں وکٹ میں 63 رنز کا اضافہ کر کے ٹیم کا سکور 265 تک پہنچا دیا، علی وقاص 29 رنز بنانے قاسم اکرم کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ، 292 کے مجموعی سکور پر بلوچستان کی چھٹی وکٹ گر گئی جب حسین طلعت 9 رنز بنا کر احمد دانیال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے ، کم روشنی کے باعث امپائرز میچ مقررہ وقت سے پہلے ختم کر دیا ، بلوچستان نے 6 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے، اسد شفیق نے زمہ دارنہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناقابل شکست 62 رنز بنائے ، اس طرح یہ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہو گیا ، احمد دانیال نے 3 وکٹیں حاصل کیں ، واضح رہے کہ بلوچستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 185 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی جس کے جواب میں سینٹرل پنجاب نے 535 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی۔

وقت اشاعت : 06/10/2022 - 22:46:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :