کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کا دوسرا رائونڈ مکمل ، سندھ نے 418رنز کا ہدف 95ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا

جمعرات 6 اکتوبر 2022 23:14

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 اکتوبر2022ء) کرکٹ ایسوسی ایشنز چیمپئن شپ کے دوسرے رائونڈ کا کھیل جمعرات کو مکمل ہو گیا۔یو بی ایل اسپورٹس کمپلیکس میں 136رنز دو کھلاڑی آئوٹ پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے سندھ نے 418رنز کا ہدف 95ویں اوور میں پانچ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ دانش عزیز جو گزشتہ روز 89رنز بنا کر ناقابل شکست واپس آئے، انہوں نے 274گیندوں پر 27چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 226 رنز بنائے۔

کے سی سی اے اسٹیڈیم میں میچ میں رضا الحسن کی آٹھ وکٹوں کی بدولت بلوچستان نے سنٹرل پنجاب کو 43رنز سے شکست دی۔ 285کے تعاقب میں چھ وکٹ پر 155 کے اوور نائٹ سکور پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئے 81ویں اوور میں 241رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔

(جاری ہے)

محمد وحید نے ناٹ آئوٹ 55جبکہ عرفان خان نے 54رنز بنائے۔ یہ ٹورنامنٹ میں بلوچستان کی پہلی جیت تھی۔رمیز عالم اور عبدالرحمن مزمل کی سنچریوں اور ماجد علی کی پانچ وکٹوں نے سدرن پنجاب کو فالو آن کے بعد شاندار واپسی کرنے میں مدد کی اور خیبرپختونخوا کو 38رنز سے شکست دی۔

تین وکٹ پر 320 کے اوور نائٹ اسکور پر اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کرتے ہوئےسدرن پنجاب کی ٹیم 156.1اوورز میں 434رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ رمیز عالم نے 269گیندوں پر سب سے زیادہ 136رنز بنائے۔ جیت کے لیے 145رنز کے ہدف کے تعاقب میں خیبرپختونخوا کی ٹیم 26ویں اوور میں 106رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ سدرن پنجاب کے ماجد علی نے 37کے عوض پانچ وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 06/10/2022 - 23:14:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :