عروج ممتاز کا بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پرخوشی کا اظہار

پاکستان ٹیم کو اس طرح دلیری سے کھیلنے کی ضرورت ہے، ندا ڈار نے ماسٹر کلاس ٹی ٹوینٹی اننگز کھیلی، گفتگو

جمعہ 7 اکتوبر 2022 23:24

سلہٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2022ء) پاکستان ویمن ٹیم کی سابق کپتان اور سابق چیف سلیکٹر عروج ممتاز نے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی جیت پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ٹیم کو اس طرح دلیری سے کھیلنے کی ضرورت ہے، ندا ڈار نے ماسٹر کلاس ٹی ٹوینٹی اننگز کھیلی۔سلہٹ میں ایشیا کپ کے میچ میں پاکستان کی بھارت کیخلاف 13 رنز سے جیت کے بعد گفتگو میں عروج ممتاز نے کہا کہ ایک روز قبل تھائی لینڈ کیخلاف جس طرح پاکستان ٹیم ناکام ہوئی تھی، اس سے افسوس ہوا تاہم بھارت کیخلاف ٹیم نے شاندار کم بیک کیا۔

انہوں نے ندا ڈار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ندا ڈار نے شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز ٹی ٹوئنٹی کی ایک ماسٹر کلاس اننگز تھی۔عروج ممتاز نے کہا کہ ایک موقع پر پاکستان 33 رنز پر 3 پلیئرز سے محروم ہوچکا تھا، ایسے میں ندا ڈار نے کپتان کے ساتھ زبردست شراکت لگائی اور اپنے اسٹروکس بھی کھیلے۔

(جاری ہے)

پاکستان کی جانب سے 38 ون ڈے اور 9 ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والی عروج ممتاز نے کہا کہ بھارت کیلیے ان کنڈیشنز میں 138 کا ٹارگٹ مشکل ہونا تھا کیونکہ پاکستان کی بولنگ لائن اپ کافی مضبوط تھی۔

انہوں نے کہا کہ فائنل الیون میں سعدیہ اقبال کے آنے سے بھی کافی فرق پڑا، پاکستانی اسپنرز نے جس انداز میں میچ پر اپنی گرفت مضبوط کی اس نے بھارت کو کسی بھی موقع پر میچ میں حاوی نہ ہونے دیا۔سابق چیف سلیکٹر نے کہا کہ بھارت پر اسکور بورڈ کا بھی پریشر رہا اور وکٹیں بھی گرتی رہیں، آخر میں رچا گوش نے ہٹس لگا کر کوشش کی لیکن پاکستان کے بولرز کے پاس دفاع کرنے کو کافی رنز تھے۔عروج ممتاز نے کہا کہ پاکستان ٹیم کو اسی انداز اور دلیری کی کرکٹ کھیلنی چاہیے، یہ پاکستان کے پاس ایشیا کپ جیتنے کا بہترین موقع ہے۔
وقت اشاعت : 07/10/2022 - 23:24:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :