پاک بھارت میچ کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو یہیں روک دینا چاہیے: مچل مارش

بھارت بمقابلہ پاکستان ہمیشہ دیکھنے کے لیے ایک ناقابل یقین میچ ہوتا ہے اور میں اس بلاک بسٹر میچ کے متعلق سوچ بھی نہیں سکتا: آسٹریلین آل رائونڈر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 اکتوبر 2022 12:25

پاک بھارت میچ کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کو یہیں روک دینا چاہیے: مچل مارش
سڈنی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 اکتوبر 2022ء ) پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلے جانے والے کرکٹ میچز نہ صرف دونوں ممالک کے عوام بلکہ دنیا بھر کے شائقین کیلئے بھی انتہائی دلچسپی کے حامل ہوتے ہیں۔ گزشتہ اتوار کے روز میلبرن میں کھیلے جانے والے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سب سے اہم میچ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل تھیں جس پر تمام کرکٹ شائقین نظریں جمائے بیٹھے تھے۔

دونوں ملکوں کے درمیان کھیلے جانے والے میچ میں دنیا بھر کے شائقین کی دلچسپی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ آسٹریلیا کے آل راؤنڈر مچل مارش بھی بیان دیئے بغیر نہ رہ سکے۔ آسٹریلیا کے آل راؤنڈر مچل مارش نے سری لنکا اور آسٹریلیا کے میچ کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت میچ کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس میچ کے بعد ورلڈ کپ کی اہمیت ختم ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو ہونے والے میچ میں بھارت نے پاکستان کو آخری بال پر شکست دی تھی، میلبرن کرکٹ گراؤنڈ ( ایم سی جی) میں اس سنسنی خیز مقابلے کی باز گشت دنیا بھر ایسی سنائی دی کہ مچل مارش بھی خاموش نہ رہ پائے۔ ایک پریس کانفرنس میں مچل مارش نے اعتراف کیا کہ کرکٹ کے مقابلے اس سے زیادہ بہتر نہیں ہوسکتے جو اتوار کو میلبورن میں دنیا نے دیکھا۔ مچل مارش نے یہاں تک کہا کہ میں اصل میں سوچتا ہوں کہ ہمیں ورلڈ کپ کو اب یہیں پر روک دینا چاہیئے اگر اس سے بہتر کوئی میچ ہوسکتا ہے تو پھر شاید ہمیں اس ایونٹ کے تین ہفتے شاندار لگیں گے۔

مچل مارش کے مطابق بھارت بمقابلہ پاکستان ہمیشہ دیکھنے کے لیے ایک ناقابل یقین میچ ہوتا ہے اور میں اس بلاک بسٹر میچ کے متعلق سوچ بھی نہیں سکتا۔ پاک بھارت میچ کے اس ہجوم میں ہونا اور اس کا حصہ بننا میرے لیے باعث مسرت ہوگا۔ مچل مارش نے مزید کہا کہ ان دونوں روایتی حریفوں کی یہ جنگ واقعی اعصاب کی جنگ ہے جس میں کامیاب وہی ہوتا ہے جو اپنے اعصاب کو قابو میں رکھے، یہ قانون میچ دیکھنے والوں پر بھی لاگو ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کے روز میلبورن کرکٹ گراؤنڈ میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022 میں گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے مابین ہونے والا بلاک بسٹر میچ ایک سنسنی خیز مقابلے کے بعد بھارت کی فتح پر ختم ہوا تھا۔ اس میچ کو دنیا بھر کے کروڑوں شائقین نے ٹی وی اور موبائل کی اسکرینوں پر لائیو دیکھا، روایتی حریفوں کا یہ ٹکراؤ کرکٹ سے رغبت نہ رکھنے والوں کو بھی بے حد پسند ہے۔
وقت اشاعت : 25/10/2022 - 12:25:19

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :