’نواز سے آخری اوور کرانے میں بابر کا قصور نہیں ، پاک بھارت میچ پر احمد شہزاد کپتان کی حمایت میں آگئے

بابر نے چاہا تھا نواز سے اوور کروانے سے قبل ہی وہ دو وکٹیں لے لیں کیوں کہ اس وقت 12 سے 15 رنز کی اوسط چل رہی تھی: ٹیسٹ اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 26 اکتوبر 2022 11:11

’نواز سے آخری اوور کرانے میں بابر کا قصور نہیں ، پاک بھارت میچ پر احمد شہزاد کپتان کی حمایت میں آگئے
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 اکتوبر 2022ء ) حریف ٹیم بھارت کے خلاف میچ میں بھی قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا بلا نہ چل سکا، بابر جہاں ارش دیپ کی پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹے وہیں کپتان نے بھارت کی اننگز میں اسپنر محمد نواز کو آخری اوور دینے کا بڑا فیصلہ کیا لیکن یہ فیصلہ بھارت کے حق میں بہتر ثابت ہوا اور حریف ٹیم نے فتح سمیٹ لی۔ سوشل میڈیا پر بھارت کی فتح پر مایوس شائقین نے بابر کے نواز سے آخری اوور کرانے پر بھی سوال اٹھائے تھے تاہم پاکستانی کرکٹر احمد شہزاد اب کپتان بابر اعظم کی حمایت میں بول اٹھے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ ’ نواز سے آخری اوور کروانے میں بابر کا قصور نہیں کہ انہیں 8 اوورز سپنرز سے ہی کروانے تھے، 7 اوور وہ سپنرز سے کرواچکے تھے لیکن آخری اوور ٹیم کے گلے پڑ گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر بابر نواز کا اوور نہیں روکتا اور نواز پہلے ہی اپنے آخری اوور میں چھکے کھالیتا تو میچ ختم ہوجاتا لہٰذا بابر نے چاہا تھا نواز سے اوورز سے قبل ہی وہ دو وکٹیں لے لیں کیوں کہ اس وقت 6 گیندوں پر 12 سے 15 رنز کی اوسط چل رہی تھی لہٰذا ہم امید کررہے ہوتے ہیں کہ وکٹ گرجائی گی، بہترین کرکٹ کے لیے یہی حکمت عملی ہونی چاہیے ‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ اتوار ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میچ میں بھارت نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد 4 وکٹوں سے پاکستان کو شکست دے دی تھی۔
وقت اشاعت : 26/10/2022 - 11:11:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :