’یہ ہوتی ہے اینٹری‘، پاکستان کی جیت پر شعیب اختر کا رد عمل

قومی ٹیم نے بنگال ٹائیگرز کو 5 وکٹوں سے شکست دی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 6 نومبر 2022 14:19

’یہ ہوتی ہے اینٹری‘، پاکستان کی جیت پر شعیب اختر کا رد عمل
ایڈیلیڈ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 نومبر 2022ء )  دنیا کے تیز ترین فاسٹ باولر شعیب اختر نے قومی ٹیم کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچنے کے بعد اپنے ردعمل کا اظہار کیا ۔ سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں شعیب اختر نے ایک میم شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’یہ ہوتی ہے اینٹری‘‘۔ 
اس سے قبل پاکستان ٹیم بنگلادیش کو ہرا کر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئی۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو جیت کے لیے 128 رنز کا ہدف دیا تھا جو گرین شرٹس نے 5 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔ ہدف کا تعاقب کرنے کے لیے کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا اور 57 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ بنگلادیشی بولر نسم احمد نے 11 ویں اوور میں بابر اعظم کو 25 رنز پر کیچ آؤٹ کرایا۔

(جاری ہے)

اننگز کے 12 ویں اوور میں پاکستان کی دوسری وکٹ 61 رنز پر گری جب محمد رضوان 32 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ 92 رنز پر گری جب بنگلادیشی فیلڈر لٹن داس نے محمد نواز کو 4 رنز پر رن آؤٹ کیا۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 121 رنز پر شکیب الحسن نے حاصل کی، انہوں نے محمد حارث کو 31 رنز پر آؤٹ کیا۔ اس سےقبل بنگلہ دیش نے ٹاس جیت کر پہلے شروع کی تو بنگلادیش کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گری جب لٹن داس 10 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی بال پر کیچ آوٹ ہوئے۔

بنگلادیش کی دوسری وکٹ 11ویں اوور میں 73 رنز پر گری جب سومیا سرکار 20 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کیچ آوٹ ہوئے۔ اسی اوور میں اگلی ہی گیند پر شاداب خان نے بنگلادیش کے کپتان شکیب الحسن کو ایل بی ڈبیلو آؤٹ کیا۔ بنگلادیش کی چوتھی وکٹ 14 ویں اوور میں 91 رنز پر افتخار احمد نے حاصل کی۔ نجم الحسین 54 رنز بنا کر بولڈ ہوئے۔ بنگلادیش کی پانچویں وکٹ 17ویں اوور میں 107 رنز پر گری جب مصدق حسین کو 5 رنز پر شاہین شاہ آفریدی نے بولڈ کیا۔

اسی اوور میں شاہین شاہ آفریدی نے نور الحسن کی بھی وکٹ حاصل کی۔ بنگلادیش کی ساتویں وکٹ 19ویں اوور میں 109 رنز پر گری جب مصدق حسین کو صفر پر شاہین شاہ آفریدی نے کیچ آؤٹ کرایا۔ آخری اوور میں نسم احمد 7 رنز بنا کر فاسٹ بولر حارث رؤف کا شکار بنے۔ بنگلادیشی بیٹر عفیف حسین 24 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں، شاداب خان نے 2، حارث رؤف اور افتخار احمد نے ایک ایک بنگلہ دیشی کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل ایڈیلیڈ میں کھیلے جا رہے میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کرپہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ کوشش ہوگی پاکستان کو شکست دیکر ایونٹ کا اختتام جیت کے ساتھ کریں۔ اس موقع پر کپتان بابراعظم نے کہا کہ بنگلہ دیش کو شکست دیکر ایونٹ میں اگلے مرحلے تک رسائی کے امکانات کو روشن رکھنا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب پاکستان اور بنگلہ دیش کا میچ کوارٹر فائنل کی صورت اختیار کرگیا ہے، جو ٹیم جیتے گی وہ سیمی فائنل کھیلنے کی حقدار ٹھہرے گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کھیلے جانے والے میچ میں نیدرلینڈز نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ورلڈکپ سے باہر کر دیا ہے۔ نیدرلینڈز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز اسکور کیے، جنوبی افریقا کی ٹیم 159 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر145 رنز بنا سکی اور اسے 13 رنز سے شکست ہو گئی۔پاکستان کا سکواڈ کپتان بابراعظم، محمد رضوان، محمد حارث، شان مسعود، افتخار احمد، محمد نواز، شاداب خان، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔

بنگلادیش کا سکواڈ کپتان شکیب الحسن، نجم الحسن شانتو، لٹن داس، سومیا سرکار، عفیف حسین، مصدق حسین، ںور الحسن، تسکین احمد، نسوم احمد، مستفضر الرحمن اور عبادت حسین پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 06/11/2022 - 14:19:32

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :