قومی ہاکی ٹیم جذبہ حب الوطنی کے ساتھ میدان میں اترے کامیابی قدم چومے گی، ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور

ہمارے کھلاڑی دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں‘ چمپیئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے بھارت روانگی سے قبل ہاکی ٹیم کے اعزاز میں عشائیہ سے خطاب، ہاکی کی بحالی میں ڈی جی سپورٹس پنجاب نے اہم کردار ادا کیا، صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن اختر رسول، صوبائی وزیر رانا مشہود کی بھی عشائیہ میں شرکت

منگل 2 دسمبر 2014 21:57

لاہور (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 02 دسمبر 2014ء) ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ہاکی کھیل میں بہت زیادہ ٹیلنٹ پایا جاتا ہے اورہمارے کھلاڑی دنیا کی کسی بھی ٹیم کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چمیپیئنز ٹرافی میں شرکت کیلئے بھارت روانگی سے قبل قومی ہاکی ٹیم کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

عشائیہ میں صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چودھری اختر رسول،سیکرٹری رانا مجاہد، سابق اولمپیئن قاسم ضیاء،خواجہ جنید، ہیڈ کوچ قومی ہاکی ٹیم شہناز شیخ اور دیگر نے شرکت کی۔عشائیہ کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب عثمان انور نے اپنے خطاب میں کہا کہ کامیابی کیلئے اعتماد، لگن اور قوت ارادی بہت ضروری ہے، ہاکی ٹیم چمپیئنز ٹرافی میں جذبہ حب الوطنی کے تحت میدان میں اترے انشاء اللہ کامیابی آپ کے قدم چومے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ قومی ہاکی ٹیم چمپیئنز ٹرافی میں اچھے کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرافی جیتے گی کیونکہ قوم کو ٹیم سے بہت امیدیں وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سپورٹس بورڈ پنجاب نے صوبہ بھر میں کھیلوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب نے ہاکی کے بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنے کیلئے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں آسٹروٹرف بچھائی ہے تاکہ کھلاڑی عالمی معیار کے مطابق اپنے کھیل کو بہتر بنا سکیں۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر چودھری اختر رسول اورسیکر ٹری رانا مجاہد نے ہاکی کی بحالی اور بہتری کیلئے ڈی جی سپورٹس پنجاب عثمان انور کے کردار کو سراہا،انہوں نے مالی امداد اوردیگر امور میں ڈی جی سپورٹس پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔اختر رسول نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ قومی ہاکی ٹیم چمپیئنز ٹرافی میں ماضی کی غلطیوں کو نہیں دہرائے گی اور فاتح بن کر وطن واپس لوٹے گی۔

وقت اشاعت : 02/12/2014 - 21:57:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :