حارث رؤف ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا خواب پورا کرنے کیلئے بے چین

29 سالہ کرکٹر نے رواں سال 23 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے اور 20.74 کی اوسط سے 31 وکٹیں حاصل کیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 26 نومبر 2022 14:02

حارث رؤف ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا خواب پورا کرنے کیلئے بے چین
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 نومبر 2022ء ) پاکستان کے تیز گیند باز حارث رؤف نے انگلینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر تاریخی ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم میں شامل ہونے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے۔ ٹیسٹ سیریز سے قبل اسلام آباد میں ٹریننگ سیشن کے پہلے روز میڈیا سے بات کرتے ہوئے حارث رئوف نے کہا کہ وہ کافی عرصے سے وائٹ بال کرکٹ میں ملک کی نمائندگی کر رہے ہیں لیکن ابھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنا ہے۔

قومی سلیکشن کمیٹی نے حارث کا نام انگلینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ پر یکم دسمبر سے شروع ہونے والی تین میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے 18 رکنی سکواڈ میں شامل کیا۔ آنے والی تاریخی سیریز کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے، دائیں ہاتھ کے پیسر نے کہا کہ اگر وہ اپنا ڈیبیو کرتے ہیں، تو وہ پچھلی وائٹ بال سیریز کے دوران حاصل کیے گئے تجربے کو بروئے کار لانے کی پوری کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

راولپنڈی میں پیدا ہونے والے کرکٹر نے کہا کہ میں 6،7 سیریز کے لیے سکواڈ کے ساتھ رہا ہوں اور مجھے کچھ تجربہ ہے۔ میں نے نیٹ میں بہت کام کیا ہے اور کوشش کروں گا کہ کھیل میں اس پر عمل درآمد کروں۔ 29 سالہ کرکٹر کو وائٹ بال کرکٹ میں قومی ٹیم کا اہم رکن سمجھا جاتا ہے، انہوں نے رواں سال 23 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے اور 20.74 کی اوسط سے 31 وکٹیں حاصل کیں۔
وقت اشاعت : 26/11/2022 - 14:02:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :