کینیڈا کے الفونسو ڈیویز فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے تیز ترین گول سکورر بن گئے

پیر 28 نومبر 2022 23:59

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2022ء) کینیڈین سٹرائیکر الفونسو ڈیویز نے فیفا ورلڈکپ 2022ء میں تیز ترین گول کرنے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے قطر میں جاری میگا ایونٹ میں گروپ ایف میں کروشیا کے خلاف کھیلے گئے میچ کے 67 ویں سیکنڈ میں گول کر کے ہالینڈ کے کوڈی گیکپو، آسٹریلیا کے کریگ گڈون اور ارجنٹائن کے لیونل میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا، گیکپو نے رواں ورلڈکپ میں ایکواڈور کے خلاف میچ کے چھٹے منٹ میں، آسٹریلیا کے گڈون نے فرانس کے خلاف نویں منٹ میں جبکہ میسی نے سعودی عرب کے خلاف میچ کے دسویں منٹ میں گول کیا تھا۔

(جاری ہے)

فیفا ورلڈکپ تاریخ میں تیز ترین گول کرنے کا عالمی اعزاز ترکیہ کے سٹرائیکر ہکان سکر کے پاس ہے جنہوں نے 2002ء ورلڈکپ میںجنوبی کوریا کے خلاف میچ میں 11 ویں سیکنڈ میں گول کرکے عالمی ریکارڈ پر قبضہ جمایا تھا، دوسرے تیز ترین گول کا اعزاز جمہوریہ چیک کے کھلاڑی میسک کے پاس ہے جنہوں نے 1962ء کے ورلڈکپ میں میکسیکو کے خلاف میچ کے 16ویں سیکنڈ میں گول کیا تھا، جرمنی کے ایرنسٹ تیز ترین گولز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں، جنہوں نے 1934ء کے ورلڈکپ میں آسٹریا کے خلاف میچ کے 24ویں سیکنڈ میں گول کیا تھا جبکہ برائن روبنسن نے 1982ء ورلڈکپ میں فرانس کے خلاف میچ کے 27ویں سیکنڈ میں گول کیا تھا اور وہ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، کلنٹ ڈمپسے پانچویں تیز ترین گول سکورر ہیں، جنہوں نے 2014ء ورلڈکپ میں گھانا کے خلاف میچ کے 30ویں سیکنڈ میں گول کیا تھا۔

وقت اشاعت : 28/11/2022 - 23:59:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :