فیفا ورلڈ کپ، برازیل نے سوئٹزرلینڈ کو شکست دے کر سپر 16 مرحلے کیلئے کوالیفائی کرلیا

منگل 29 نومبر 2022 00:00

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2022ء) فیفا ورلڈ کپ 2022ء کے میچ میں برازیل نے سوئٹزر لینڈ کو 1-0گول سے شکست دے کر سپر16 مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا، برازیل کی جانب سے کیسیمیرو نے گول سکور کیا۔ پیر کو دوحہ کے سٹیڈیم 974 راس ابو عبود میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے گروپ جی کے میچ میں برازیل نے سوئٹزرلینڈ کو سخت مقابلے کے بعد 1-0گول سے شکست دی۔

(جاری ہے)

پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کئے مگر گول کرنے میں ناکام رہیں۔ دوسرے ہاف میں برازیل نے جارحانہ حکمت عملی اپنائی اور میچ کے 83 ویں منٹ میں کیسیمرو نے شاندار فیلڈ گول کرکے اپنی ٹیم کو 1-0گول کی برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرا رہی۔ اس فتح کے بعد برازیل کی ٹیم نے سپر 16 مرحلے کے لئے کوالیفائی کرلیا ہے، اس سے قبل فرانس کی ٹیم بھی فیفا ورلڈ کپ 2022 کے اگلے مرحلے کے لئے کوالیفائی کر چکی ہے۔واضح رہے کہ برازیل کی ٹیم 1998کے بعد فیفا ورلڈکپ کے ریکارڈ 17گروپ میچز میں ناقابل شکست ہے۔
وقت اشاعت : 29/11/2022 - 00:00:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

متعلقہ عنوان :